اجودھیا کوسولر سٹی کے طور پرفروغ دینے کی ضرورت ہے: وزیر اعلیٰ
ویڈیوکانفرنسنگ کے توسط سے بین محکمہ جاتی جائزہ میٹنگ
-لکھنؤ: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ اجودھیا کوسولر سٹی کے طور پر فروغ دئیے جانے کی ضرورت ہے۔ اس سے جہاں ایک طرف ماحولیاتی تحفظ و متوازن رہیگا وہیں دوسری طرف اس مقدس شہر کو ایک نئی پہچان بھی ملے گی۔
وزیر اعلیٰ آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر اجودھیا کے ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے بین محکمہ جاتی جائزہ میٹنگ کررہے تھے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت اجودھیا میں سیاحت کی بنیادی سہولیات سمیت مجموعی ترقی کے لئے پورے عزائم سے کام کر رہی ہے۔ ریاستی حکومت کی کوششوں میں مرکزی حکومت کاپورا تعاون حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجودھیا کی ترقی میں اور تیزی آئے اس کے لئے ہر سطح پر فوری فیصلہ لے کر سبھی پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پوری دنیا میں اجودھیا بھگوان شری رام کی نگری کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں مقامی فن تعمیر کی جھلک دکھائی دینی چاہئے۔
وزیر اعلیٰ نے اجودھیا کے سبھی گھاٹوں کو محفوظ رکھتے ہوئے ان کی تزئین کاری کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ گپتار گھاٹ سے نئے گھاٹ تک ریور فرنٹ بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اجودھیا میں ملٹی لیول پارکنگ ایسی ہو جس کا تجارتی استعمال کیا جاسکے۔ انہوں نے بجلی کے تاروں کوزیر زمین کرنے کی کارروائی تیزی سے کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاحوں اور عقیدت مندوں کے بلاتعطل آمد و رفت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اجودھیا میں 02 بس اڈوں کا انتظام کرنے کے لئے کارروائی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایت دی کہ وہ شہر کی اہم سڑکوں کوچوڑاکرنے کی کارروائی میں اجودھیا ترقیاتی اتھارٹی کا تعاون بھی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ رام جانکی مارگ کی تعمیر پورے معیار کے ساتھ کرایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مستقبل قریب میں اجودھیا میں ملک اور دنیا سے آنے والے سیاحوں اور عقیدت مندوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر اجودھیا میں اچھے ہوٹلوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ اس کے لئے ضروری اراضی کی نشاندہی کی جائے۔ دھرم شالہ اور ریسٹ روم کی سہولیات کوفروغ دیاجائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اجودھیا کی عالمی سطح پر تشہیر کے لئے ایک بہتر منصوبہ تیار کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی اجودھیا میں گائڈ کی سہولیات بھی فراہم کرانے کی کارروائی بھی شروع کی جائے۔ اس سے جہاں ایک طرف سیاحوں کو آسانی ہوگی وہیں دوسری جانب مقامی لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر ہوں گے۔
میٹنگ کے دوران چیف سکریٹری جناب آر کے تیواری ، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ و اطلاعات جناب اونیش کمار اوستھی ،ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو متل،ایڈیشنل چیف سکریٹری آبپاشی جناب ٹی وینکٹیش،ایڈیشنل چیف سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب ایس پی گوئل، ایڈیشنل چیف سکریٹری ویونیو محترمہ رینوکا کمار، پرنسپل سکریٹری سیاحت جناب جتیندر کمار ، پرنسپل سیکرٹری تعمیرات عامہ جناب نتن رمیش گوکرن ، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب سنجے پرساد ، پرنسپل سکریٹری شہری ترقیات جناب دیپک کمار ، ڈائریکٹر اطلاعات جناب ششیرسمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ میٹنگ میںاجودھیا کے منطقائی کمشنر اور ضلع مجسٹریٹ سمیت دیگر سینئر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے حصہ لیا۔