کشمیر کے ہر ضلعے میں بہت جلد سو سیٹوں والے سنیما گھر قائم کئے جائیں گے:منوج سنہا

سری نگر،ستمبر۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے ہر ضلعے میں بہت جلد سو سیٹوں والے سنیما گھر قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ایک وقت ایسا بھی تھا جب لوگ اپنے دوستوں اور کنبوں کے ساتھ فلمیں دیکھنے کے لئے آیا کرتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ آج یہاں سنیما گھروں کا دوبارہ کھل جانا جموں و کشمیر کی بدلتی ہوئی تصویر کی عکاس ہےموصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں پہلے ملٹی پلیکس سنیما گھر کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’کشمیر میں ہر جگہ سنمیا کے شوقین لوگ ہیں اور وادی میں سنمیا گھروں کی ایک عظیم تاریخ ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’یہاں ایک وقت ایسا بھی تھا جب لوگ اپنے دوستوں اور کنبوں کے ساتھ فلمیں دیکھنے کے لئے آیا کرتے تھے اور سنمیا ان کو تفریحی سامان فراہم کرنے کے علاوہ بڑا سوچنے اور بڑے خواب دیکھنے کا موقع فراہم کرتے تھے‘۔مسٹر سنہا نے کہا کہ سال 1965 میں شمی کپور کی فلم ’جانور‘ کو براڈ وے سنیما میں دکھایا گیا تھا۔انہوں نے کہا: ’کپور خاندان کو کشمیر کے ساتھ اس قدر محبت تھی کہ شمی کپور نے اپنے اہلخانہ سے آخری رسومات سری نگر کے جھیل ڈل میں انجام دینے کی وصیت کی تھی‘۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لوگ گذشتہ تیس برسوں کے دوران تفریحی سامان سے محروم رہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج پہلا ملٹی پلیکس سنیما گھر اہلیان وادی کو تفریحی سامان فراہم کرنے کا موجب بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شوپیاں اور پلوامہ میں بہت جلد دو ملٹی پرپز سنیما ہال قائم کئے جائیں گے اور جموں وکشمیر کے ہر ضلعے میں سو سیٹوں والے سنیما گھر قائم کئے جائیں گے۔منوج سنہا نے کہا کہ سری نگر ایک زمانے میں تفریح کا مرکز مانا جاتا تھا جب یہاں پلیڈم، ریگل، شیراز، نیلم، خیام، براڈ وے، ناز اور فردوس جیسے آٹھ سنیما گھر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک بار پھر اس زمانے کو واپس لانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج یہاں سنیما گھروں کا دوبارہ کھل جانا جموں و کشمیر کی بدلتی ہوئی تصویر کا عکاس ہے۔موصوف ایل جی نے کہا کہ پانچ اگست2019 ایک تاریخی دن تھا جب ملک کے پارلیمنٹ نے ایک بہت بڑا فیصلہ لیا۔انہوں نے کہا: ’دلی سرکار جموں وکشمیر میں امن خریدنے کے بجائے امن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔نئی فلم پالیسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حال ہی کشمیر میں کئی فلموں کی شوٹنگ کی گئی اور مزید کئی فلموں کی یہاں شوٹنگ کی جائے گی۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہاں بہت جلدی فلم سٹی قائم کی جائے گی جس کے لئے ہم کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی فلم پالیسی کے تحت نوجوان فلم سازوں کو کافی مراعات دی جائیں گی تاکہ مقامی روزگار پیدا کیا جاسکے۔

Related Articles