یو ایس اوپن میں سرینا کی ریکارڈ 102ویں جیت
نیو یارک، بار کی یو ایس اوپن کی چمپئن سرینا ولیمز یو ایس اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ انہوں نے بیٹی اولمپیا کی تیسری سالگرہ کے موقع پر ٹورنامنٹ میں ریکارڈ 102 ویں جیت درج کی۔ اب وہ مینز اور ویمنز دونوں کیٹیگریز میں سب سے زیادہ میچ جیتنے والی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ انہوں نے امریکہ کے کرس ایورٹ کا ریکارڈ توڑ دیا۔
امریکہ کی بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز، امریکہ کی ہی صوفیہ کینن، امریکہ کی میڈیسن کیز اور انگلینڈ کی جوہانا کونٹا رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلیم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں جبکہ وینس ولیمز، کم کلسٹر اور شوائی ژنگ ابتدائی راؤنڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔
امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے ویمنز سنگلز کے ابتدائی راؤنڈ میں میزبان کھلاڑی سرینا ولیمز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہم وطن حریف کھلاڑی کرسٹی ہیرم آہن کو اسٹریٹ سیٹس میں 7-5 اور 6-3 سے شکست دیکر دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
برطانوی ٹینس اسٹار جوہانا کونٹا نے ہم وطن حریف کھلاڑی ہیتھر واٹسن کو ٹائی بریک پر 7-6(9-7) اور 6-1 سے ہرا دیا۔امریکہ کی صوفیہ کینن نے بھی پہلا مرحلہ عبور کر لیا۔انہوں نے بیلجیئم کی یانینا ویکمائر کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-2 سے مات دی۔ پہلے رائونڈ کے دیگر میچوں میں بیلجیئم کی ایلیسی مارٹنز، استونیا کی کایا کنیپی، بیلاروس کی آرینا سبالینکا، بیلاروس کی وکٹوریہ آزارینکا، امریکہ کی سلونی اسٹیفنز، یونان کی ماریا سکاری، ہسپانوی ٹینس اسٹار گاربین مگروزا نے کامیابی حاصل کر کے دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
دوسری جانب آسٹریا کے ڈومینک تھیم، انگلینڈ کے اینڈی مرے، روس کے ڈینیل مدویدوف، انگلینڈ کے ڈیوڈ ایوانز اور اور روس کے کیرن خچانوف رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلیم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے جبکہ ہسپانوی فلسیانولوپیز، اطالوی ٹینس اسٹار اینڈرس سیپی اور فرانسیسی کھلاڑی جریمی چارڈے ابتدائی راؤنڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
ایونٹ کے مینز سنگلز کے ابتدائی راؤنڈ میں آسٹریا کے سیکنڈ سیڈ ڈومینک تھیم نے ہسپانوی حریف اینٹونی منار کے خلاف 7-6(8-6) 6-3 سے برتری حاصل تھی کہ حریف کھلاڑی فٹنس مسائل کے باعث مقابلہ جاری نہ رکھ سکے اور تھیم نے بآسانی دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
انگلینڈ کے اینڈی مرے نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد جاپان کے نیشیوکا کو 4-6, 4-6 7-6 (7/4),7-6 (7/5), اور 6-4سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کرلی۔ روس کے ٹینس اسٹار اور ایونٹ کے تھرڈ سیڈ ڈینیئل مدویدوف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹینا کے فیڈریکو ڈیلبونس کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-1، 6-2 اور 6-4 سے ہر اکر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ پہلے راؤنڈ کے دیگر میچوں میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ایوانز اور اور روس کے کیرن خچانوف، اٹلی کے میٹیو بریٹینی، روس کے آندرے روبلو، بلغاریہ کے گریگور دیمتروف، ہسپانوی روبرٹو بٹیسٹا آگٹ، کینڈین میلوس راؤنک،الیکس ڈی منار، فرانس رچرڈ گیسکٹ، کروشیا کے مارین کلک اور کینیڈین واسک پوسپیسل نے کامیابی حاصل کرلی۔