بمراہ اور ہرشل ٹی 20 ورلڈ کپ میں واپسی کے لیے تیار
ممبئی، ستمبر۔ہندوستان کے سرکردہ تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور ہرشل پٹیل ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے ٹیم میں واپسی کے لیے تیار ہیں، حالانکہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے دوران ان کی فٹنس پر نظر رکھی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بمراہ اور ہرشل مکمل طور پر فٹ ہیں اور بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں بغیر کسی پریشانی کے بولنگ کر رہے ہیں۔ بی سی سی آئی نے ہندوستان کی ایشیا کپ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا ، جسپریت بمراہ اور ہرشل پٹیل چوٹ کی وجہ سے انتخاب کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ وہ فی الحال بنگلورو میں این سی اے میں ری ہیب کررہے ہیں۔ کرک بز نے کہا کہ بمراہ اور ہرشل نے اپنا ری ہیب مکمل کر لیا ہے۔ دونوں گیند باز انجری کے باعث ایشیا کپ میں حصہ نہیں لے سکے جہاں ڈیتھ اوورز میں ناقص گیندبازی ٹیم انڈیا کی شکست کی بڑی وجہ بنی تھی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے بمراہ اور ہرشل کی ٹیم میں واپسی تقریباً یقینی ہے، حالانکہ دونوں گیند باز جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف گھرپر ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اس سے قبل حصہ لیں گے جہاں سلیکٹرز دونوں کی گیندبازی کا جائزہ لیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 15 ستمبر تک ہونے کا امکان ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک کھیلا جائے گا۔