پریاگ راج:مکان گرنے سے دو کی موت، یوگی کا اظہار غم
پریاگ راج:ستمبر۔اترپردیش کے ضلع پریاگ راج میں پیر کو ایک مکان کا آگے کا حصہ منہدم ہونے سے اس کے ملبے کے نیچے دب کر دو افراد کی موت ہوگئی۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ کو چار چار لاکھ روپئے مالی تعاون دینے کا اعلان کیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ پریاگ راج کے مٹھی گنج واقع ہٹیا پولیس چوکی کے نزدیک پیش آیا۔ اس میں گذشتہ دنوں ہوئی تیز بارش کے بعد ایک پرانے مکان کا آگے کا حصہ زمیں دوز ہوگیا۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر راحت رسانی کام کا آغاز کردیا۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اب تک ہٹائے گئے ملبے میں دوبی دولاشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ پولیس و راحت رسانی کی ٹیمیں ملبہ ہٹارہی ہیں۔ متوفین کی تعدادمیں اضافہ ہوسکتا ہے۔اس درمیان لکھنؤ میں وزیر اعلی دفتر سے ملی جانکاری کے مطابق یوگی نے پریاگ راج میں مکان کے زمیں دوز ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ کو حکومت کی جانب سے چار چار لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلی نے اس حادثے میں ہوئے جانی نقصان پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلی نےضلع انتظامیہ کے افسران کو زخمیوں کا مفت علاج کرانے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پریاگ راج کے ڈی ایم اور سینئر پولیس افسران کو موقع پر فورا پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔