ملک کی سب سے کم عمر میئر نے سب سے کم عمر ایم ایل اے سے شادی کی

ترواننت پورم، ستمبر۔ترواننت پورم میونسپل کارپوریشن کی سب سے کم عمر میئر محترمہ آریہ راجیندرن اور کیرالہ قانون ساز اسمبلی کے سب سے کم عمر ایم ایل اے سچن دیو نے اتوار کو صبح 11 بجے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ کے ہیڈکوارٹر اے کے جی سینٹر میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں شادی کی۔ شادی کی تقریب میں پارٹی کے اعلیٰ لیڈران بشمول کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین، ان کے اہل خانہ اور سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سکریٹری ایم وی گووندن نے شرکت کی۔ محترمہ آریہ 21 سال کی عمر میں میئر بنیں جب وہ ترواننت پورم کے آل سینٹس کالج میں زیرتعلیم تھیں۔ سی پی آئی (ایم) کوزی کوڈ ڈسٹرکٹ کمیٹی کے رکن سچن دیو ایم ایل اے، کوزی کوڈ کے نیلی کوڈ کے رہنے والے ہیں۔ اٹھائیس سالہ سچن دیو اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) کے ریاستی سکریٹری ہیں جبکی آریہ اس کی ریاستی کمیٹی کی رکن ہیں۔ دونوں ‘بالاسنگم’ اور ایس ایف آئی کی سرگرمیوں میں سرگرم عمل رہے ہیں۔ دونوں نے گزشتہ فروری میں اپنی شادی کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ منگنی کی تقریب بھی 6 مارچ کو اے کے جی سنٹر میں منعقد ہوئی۔ جوڑے نے مہمانوں سے شادی کی تقریب میں کوئی تحفہ نہ لانے کی بھی درخواست کی تھی۔ دونوں نے کہا کہ جو لوگ کچھ پیشکشیں دینا چاہتے ہیں وہ اولڈ ایج ہوم یا کارپوریشن یا چیف منسٹر ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔

Related Articles