ایس پی دفتر کے سامنے تجاوزات پر نگر نگم کا چلا بلڈوزر
لکھنؤ:اگست۔اترپردیش میں غیر قانونی تجاوزات پر چل رہے بلڈوزر مہم کے دوران بدھ کو ریاستی راجدھانی لکھنؤمیں بھی نگر نگم نے وی وی آئی پی علاقے وکرمادتیہ مارگ پر تجاوزات ہٹانے کی کاروائی کی۔نگر نگم کے غیر قانونی قبضہ جات کے خلاف جاری مہم کے تحت وکرما دتیہ مارگ پر واقع سماج وادی پارٹی(ایس پی) دفتر کے آس پاس سالوں سے غیر قانون طور سے چل رہی دوکانوں کو ہٹا دیا گیا۔ ایس پی دفتر کے سامنے سڑک کی دونوں جانب واقع مختلف سیاسی پارٹیوں کے جھنڈے، بینر اور پوسٹر وغیرہ کی دوکانوں و دیگر غیر قانونی تعمیرات کو بلڈوزر سے منہدم کیا گیا ہے۔نگر نگم کے ایک افسر نے بتایا کہ چار مہینے پہلے ان دوکانداروں کو مقام کو خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ نوٹس ملنے کے باوجود ان دوکانداروں نے اپنی دوکانیں نہیں ہٹائیں۔ اس کے بعد آج یہ کاروائی کی گئی ہے۔اس درمیان دوکانداروں نے نگر نگم کی اس کاروائی کے خلاف احتجاج کیا اس دوران ایک خاتون دوکاندار نے احتجاجا اپنے سر کے بال منڈا دئیے۔