ہرمن پریت نےٹیم میں توازن حاصل کرنے پر زور دیا

ممبئی، اگست۔ انگلینڈ کے دورے سے پہلے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے منگل کو کہا کہ اس دورے پر ٹیم کا مقصد آخری اووروں میں رنز بنانے والے کھلاڑیوں کو تلاش کرنا ہوگا۔
یہاں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے ہرمن پریت نے کہا، ’’کچھ ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو ہماری ٹیم میں خالی جگہوں کو پر کر سکتے ہیں، پچھلے کچھ برسوں کی کمیوں کو پورا کرسکتے ہیں۔ ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو آخری اوور میں تیز رنز بناتے ہیں، اس لیے ہم نئے کھلاڑیوں کو موقع دے سکتے ہیں۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑی اپنا کردار بخوبی ادا کر رہے ہیں، اب ہمیں انہیں میدان میں وقت دینے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل تیار کیا جا سکے۔”آپ جو بھی فارمیٹ کھیلتے ہیں، آپ کو کم از کم چھ بلے بازوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ میرے مطابق تین باؤلرز اور تین آل راؤنڈرز آپ کی ٹیم کو طاقت اور توازن فراہم کرتے ہیں۔ میں کھلاڑیوں کے ٹیم میں آنے سے بہت پرجوش ہوں۔ وہ ٹیم کو بہت کچھ دے سکتے ہیں۔ خاص طور پر کے پی (کرن پربھو ناگویرے) اور (ڈیلان) ہیملتا نے گھریلو سیزن میں جس طرح سے بلے بازی کی، میرے مطابق یہ ان کے لیے صحیح پلیٹ فارم ہے اور ان کے لیے بھی ایک اچھا موقع ثابت ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم دورہ انگلینڈ کا آغاز 10 ستمبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے کرے گی۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ون ڈے کھیلے جانے ہیں۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے دولت مشترکہ کھیلوں میں حصہ لیا تھا جہاں اسے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا تھا۔

Related Articles