آئی پی ایل 13 میرے لئے بطور کپتان اہم ہوگا:شریس ایئر
دبئی ، دہلی کیپٹلز کی ٹیم کے کپتان شریس ایئر کا خیال ہے کہ کپتان کی حیثیت سے اس آئی پی ایل کا یہ سیزن بہت اہم ہوگا۔
ایئر نے 2018 کے سیزن کے وسط میں دہلی ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی جب ٹیم کی مسلسل شکست کے بعد گوتم گمبھیر نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ دہلی کے کپتان نے آئی پی ایل کی ویب سائٹ کو بتایا کہ یہ سیزن پچھلے سیزن سے بہت مختلف ہوگا لیکن چیلنجوں نے ہمیشہ مجھے مسرور کیا ہے۔ بطور کپتان یہ میری سب سے اہم ذمہ داری ہوگی کیونکہ اس بار ماحول بالکل مختلف ہے۔ ہمارے لئے ایک وقت میں صرف ایک میچ دیکھنا ضروری ہوگا۔ ہمیں کورونا کے وقت میں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے اس کے بارے میں سب کچھ بتایا جاتا ہے۔ ہر ایک کے لئے بائیوسیکیور ماحول کے پروٹوکول پر عمل کرنا اہم ہے۔
ائیر نے پچھلے آئی پی ایل سیزن میں 16 اننگز میں 463 رنز بنائے تھے اور وہ شکھر دھون اور رشبھ پنت کے بعد دہلی ٹیم میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے تیسرے بلے باز تھے۔ دہلی کی ٹیم 14 میچوں میں نو میچ جیت کر ٹیبل میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی اور پلے آف میں پہنچ گئی تھی۔
دہلی نے سن رائزرس حیدرآباد کو سنسنی خیز ایلی منیٹر میں شکست دی تھی لیکن اس کے بعد کوالیفائر 2 میں چنئی سپر کنگز سے ہار گئی۔ایئر اپنی ٹیم میں آئی پی ایل کے دو سابق کپتان روی چندرن اشون اور اجنکیا رہانے کی کپتانی کریں گے۔ دہلی نے بالترتیب کنگز الیون پنجاب اور راجستھان رائلز سے آف سیزن ٹریڈ میں اشون اور رہانے کو خریدا۔