دیویش چندر ٹھاکر کا بلا مقابلہ کونسل کا چیئر مین منتخب ہونا یقینی
پٹنہ اگست ۔جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) کے سنیئر لیڈر اور سابق وزیر دیویش چندر ٹھاکر کا بہار کونسل کا چیئر منتخب کیاجانا یقینی ہوگیا ہے ۔کونسل میں چیئر مین عہدہ کیلئے نامزدگی کی مقررہ تاریخ بدھ بارہ بجے دن تک مسٹر دیویش چندر ٹھاکر کے حق میں پانچ سیٹ میں نامزدگی کا پرچہ داخل کیا گیا ۔ کسی دیگر امیدوار کے پرچہ داخل نہیں کرنے کی وجہ سے مسٹرٹھاکر کا بلا مقابلہ منتخب ہونا طے ہوگیا ہے ۔ حالانکہ اس کا رسمی اعلان جمعرات کو ایوان کے اندر ہی کیاجائے گا۔بہار کونسل میں چیئر مین کا عہدہ کافی دنوں سے خالی تھا ۔کارگذار چیئر مین کے طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے اودھیش نارائن سنگھ کام کر رہے تھے ۔ اس سال نو اگست کو وزیراعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو کے قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) سے ناطہ توڑ 10 اگست کو مہا گٹھ بندھن کی حکومت بنانے کے بعد سے ہی یہ طے ماناجارہا تھاکہ کونسل کے چیئر مین کے عہدے کی ذمہ داری مہا گٹھ بندھ کے ہی کسی رکن کو دی جائے گی ۔