بالاسور میں بچاؤ کے کام کے لیے ہیلی کاپٹر کی سہولت
بھونیشور،اگست۔اوڈیشہ حکومت نے بالاسور ضلع میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی خدمات کے لیے ضلع انتظامیہ کو ایک ہیلی کاپٹر بھیجا ہے۔ اوڈیشہ کے اسپیشل ریلیف کمشنر (ایس آر سی) پی کے جینا نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل موسلا دھار بارش کے پیش نظر بالاسور ضلع اور میور بھنج میں بھاری سیلاب آنے کا امکان ہے۔ سورن ریکھا ندی میں جھارکھنڈ کے گالودیہ بیراج کے 16 دروازوں سے تقریباً چھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے سے بھاری سیلاب آنے کا امکان ہے۔ وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک کی ہدایت پر بالاسور ضلع انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک ہیلی کاپٹر مہیا کرایا گیا ہے۔ مسٹر جینا نے کہا کہ راحت و بچاو مہم اورکوئی حادثہ نہ ہو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے این ڈی آر ایف، او ڈی آر اے ایف کی چالیس اضافی آپریشنل ٹیموں اور فائر سروس کو بالاسور اور میور بھنج بھیج دیا گیا ہے ۔ دونوں اضلاع میں انتظامیہ سیلاب کی صورت میں نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔