وزیراعلیٰ نے کووِڈ-19کے انفیکشن کی چین کو توڑنے کیلئے  تمام تر کوششیں جاری رکھنے  کی ہدایت دی

میڈیکل ٹیسٹنگ ، خاص طور سے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے،

-لکھنؤ: اترپردیش کے  وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کووِڈ-19کے انفیکشن کی چین کو توڑنے کیلئے تمام تر کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیکل ٹیسٹنگ خاص طور سے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ آر ٹی پی سی آر مشین سے کیے جانے والے ٹیسٹ بھی بڑھائے جائیں۔ انہوںنے ریاست میں یومیہ ایک لاکھ 50ہزار ٹیسٹ یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اس کیلئے ضروری مین پاور کا بندوبست کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے آج یہاں لوک بھون میں مدعو ایک اعلا سطحی میٹنگ میں ان-لاک نظام کا جائزہ لے رہے تھے۔ سرویلانس سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سرویلانس کام کو بڑھاکر لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ کرنے میں قابل ذکر کامیابی ملی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سرویلانس کو بہتر کرنے کے ساتھ ہی، انٹیگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے نظام کو مستحکم کیا جائے۔ کانٹیکٹ ٹریسنگ اور ڈور-ٹو-ڈور سروے کام کو بڑے پیمانے پر چلایا جائے۔ کووِڈ-19کے انفیکشن کے تئیں بڑے پیمانے پر بیداری کی تشہیر اس طرح کی جائے، جس سے متاثر افراد سامنے آنے سے نہ گھبرائیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاستی حکومت نیٹ اور جے ای ای امتحانات کے انعقاد کی تائید کرتی ہے۔ گذشتہ 9؍اگست 2020کو ریاست میں بی-ایڈ کے داخلہ امتحان منعقد ہوئے، جس میں تقریباً 5لاکھ امیدوارتھے۔ اس امتحان میں کہیں سے انفیکشن کا کوئی مسئلہ علم میں نہیں آیا۔ اسی طرح پبلک سروس کمیشن، اترپردیش کے امتحانات بھی منعقد کرائے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ کووِڈؑ-19سے بچاؤ سے متعلق پروٹوکال پر عمل کرتے ہوئے سبھی سرگرمیاں شروع ہونی چاہئے۔ سرکاری دفاتر میں تعطیل پر رہنے والے ملازمین اور بیمار ملازمین کو چھوڑ کر دفتر اوقات میں ہر وقت 50فیصدی ملازمین کی موجودگی ہر حالت میں ہونی چاہئے۔ انہوںنے تمام ایڈیشنل چیف سکریٹری؍پرنسپل سکریٹریوں کو اپنے ماتحت ایچ او ڈی دفاتر کو معائنہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ صبح9:30بجے غیر حاضر پائے گئے افسران؍ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ  نے کہاکہ تمام ضلع مجسٹریٹ کووِڈ-19کاموں کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے تصفیہ کو بھی یقینی بنائیں۔ انہوںنے ہدایت دی کہ یومیہ صبح 9سے 10بجے تک ضلع مجسٹریٹ کووِڈ-19سے متعلق کاموں کا جائزہ لیں۔ صبح 10سے11بجے تک سرکاری دفاتر کا معائنہ کریں۔ 11سے 1بجے کے دوران اپنے دفتر میں جنتا؍عوام سے ملاقات کر ان کے مسائل کی سماعت کریں۔ اسی طرح کا نظام تحصیل اور ترقیاتی بلاک سطح پر بھی نافذ کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ ناگزیر حالات میں ضلع مجسٹریٹ اور تحصیل میں ڈپٹی ضلع مجسٹریٹ کی غیر موجودگی میں کوئی دیگر ـذمہ دار افسر اس شیڈیول کے مطابق کارروائی کرے۔ انہوںنے پولیس سطح پر بھی اسی طرح کا نظام نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ گورکھپور کے اطفال امراض طبّی ادارہ کو جلد ازجلد پورا کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ کچھ اضلاع میں ملیریا کے معاملے علم میں آئے ہیں۔ اس کے مد نظر متعلقہ اضلاع میں فوراً میڈیکل ٹیم بھیجنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ علاج کے معقول بندوبست کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ کھاد کی نظام تقسیم کو بہتر بناتے ہوئے اس کی مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوںنے ہدایت دی کہ کاشتکاروں کے گنا قیمت کی ادائیگی میں تساہلی برتنے والی شکر ملوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ سیلاب متاثرہ افراد کو فصلوں وغیرہ کیلئے منظور معاوضہ رقم کی بروقت تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر وزیر صحت جناب جے پرتاپ سنگھ،چیف سکریٹری جناب آر کے تیواری، بنیادی سہولیات اور صنعتی ترقیات کمشنر جناب آلوک ٹنڈن، زرعی پیداوار کمشنر جناب آلوک سنہا، ایڈیشنل چیف سکریٹری سنجیو مِتّل، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ اور اطلاعات جناب اونیش کمار اوستھی، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جناب ہتیش سی اوستھی، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو محترمہ رینکا کمار،وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری جناب ایس پی گوئل، ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد، ایڈیشنل چیف سکریٹری طبّی تعلیم ڈاکٹر رجنیش دوبے، ایڈیشنل چیف سکریٹری دیہی ترقیات اور پنچایتی راج جناب منوج کمار سنگھ، ایڈیشنل چیف سکریٹری  ایم ایس ایم ای جناب نونیت سہگل، ایڈیشنل چیف سکریٹری زراعت جناب دیویش چترویدی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری سنجے پرساد، پرنسپل سکریٹری صحت جناب آلوک کمار، پرنسپل سکریٹری مویشی پروری جناب بھوونیش کمار، وزیراعلیٰ کے سکریٹری جناب آلوک کمار، ڈائرکٹر اطلاعات جناب ششر سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

 

Related Articles