جموں وکشمیر کے کئی علاقوں کو ملی ٹینسی سے صاف کیا، بیخ کنی کی کوششیں جاری: لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا
سری نگر،جولائی.جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری کے کئی علاقوں کو ملی ٹینسی سے صاف کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملی ٹینسی کے ایکو سسٹم کو پوری طرح سے تباہ کیا گیا ہے اورجموں وکشمیر سے ملی ٹینسی کی بیخ کنی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ ان باتوں کا اظہار ایل جی نے وسطی ضلع گاندربل کے منی گام میں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کا قلع قمع کرنے کی خاطر کوششیں جاری ہیں۔ اُن کے مطابق سیکورٹی ایجنسیاں جموں وکشمیر میں قیام امن کی خاطر اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہیں۔ نارکو ٹریرزم کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ اگر اس پر فوری طورپر قابو نہیں پایا گیا تو یہ سماج کے لئے سم قاتل ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ہیومن اور ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر جموں وکشمیر کے بہت سے علاقوں کو ملی ٹینسی سے پاک کرنے میں کامیابی حاصل کی لیکن یوٹی سے ملی ٹینسی کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ نارکو ملی ٹینسی تیزی سے ایک بڑے چیلنج کے طور پر ابھر رہی ہے اور اگر اس سے بروقت نہیں نمٹا گیا تو یہ کینسر کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جموں وکشمیر پولیس کو کئی محازوں پر متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دوسری ریاستوں میں پولیس کو بہت ہی کم چیلنجوں کا سامنا ہے۔\\\\ اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں پولیس کو امن و امان کو برقرار رکھنے، سماجی جرائم ، مجرموں، ملی ٹینٹوں اور تخریبی عناصر سے نمٹنا پڑتا ہے۔ انہوں جموں وکشمیر پولیس کی اس بات پر تعریف کی کہ تمام چیلنجوں کے باوجود بھی وہ پیشہ وارانہ طریقے سے ان چیلنجوں کا سامنا کررہے ہیں جس وجہ سے اس وقت جموں وکشمیر میں امن و امان کی فضا واپس لوٹ آئی ہے۔ ایل جی نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس کے اہلکار اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں، امن و قانون کی صورتحال کو بہتر بنانے میں جموں وکشمیر پولیس نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس سوشل میڈیا پروپگنڈے کا مقابلہ کرنے کی خاطر تیزی کے ساتھ کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے آن لائن ذرائع کو بروئے کار لا کر سوشل میڈیا پروپگنڈے کا توڑ کیا ہے اور پولیس فورس اس سمت میں سخت محنت کر رہی ہے۔ ایل جی نے اس موقع پر کہا جموں وکشمیر انتظامیہ پولیس کو بھر پور تعاون فراہم کر رہی ہے اور آنے والے وقت میں پولیس فورس کو مزید موثر او رمضبوط بنانے میں کوئی کسرباقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ نئے رنگروٹھ جنہوں نے اپنی تربیت مکمل کی ہے انہیں صرف نارمل پولیسنگ کرنے کی تربیت نہیں دی جاتی ہے بلکہ امن و امان کو برقرار رکھنے ، ملی ٹینسی سے نمٹنے کے لئے بھی خصوصی تربیت دی جاتی ہیں اور یہ کہ انہیں سی سی ٹی این ایس کے ذریعے جڑے رہنے کی خاطر کیمپوٹر استعمال کرنے کی بھی ٹریننگ دی جاتی ہیں۔ ایل جی منوج سنہا نے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس نے امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور ملی ٹینسی کا قلع قمع کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے ہیں۔