نتیش ہوئے کورونا پازیٹیو
پٹنہ ،جولائی۔ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کورونا پازیٹیو ہوگئے ہیں۔جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو )کے قومی صدر اور رکن پارلیمنٹ راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے منگل کو اپنے فیسبک پوسٹ کے توسط سے اس کی تصدیق کی ہے ۔ گذشتہ چار دنو ں سے انہیں بخار تھا۔اس کے بعد ان کے بلڈ سیمپل کی جانچ کرائی گئی ، جس میں وہ کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔رکن پارلیمنٹ مسٹر سنگھ نے اپنے فیس بک پوسٹ میںکہاکہ ” وزیراعلیٰ نتیش کمار کورونا جانچ میں پازٹیو پائے گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کی صلاح پر وہ ہوم آئیسولیشن میں ہیں۔ ایشور سے وزیراعلیٰ کے جلد صحتیابی کی دعا کرتا ہوں۔دریں اثناءلوک جن شکتی پارٹی ( رام ولاس ) کے قومی صدر اور بہار کے جموئی سے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے ۔وزیراعلیٰ مسٹر کمار طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ہی سموار کو دہلی نہیں جاپائے تھے ۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کی حلف برداری تقریب سے مسٹر کمار دور رہے اور اس سلسلے میں طرح ۔ طرح کی بحثیں سیاسی گلیاروں میں ہورہی تھیں۔ اسی درمیان کل پارلیمانی بورڈ کے قومی صدر اپیندر کشواہا نے یہاں تک کہہ دیا تھاکہ ضروری نہیں کہ مسٹر کمار حلف برداری تقریب میں شامل ہوں۔لیکن اب مسٹر کمار کے کورونا پازیٹیو ہونے کی خبر سامنے آئی ہے ۔