بھوپیش نے طوفانی بارشوں کے پیش نظر کلکٹروں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی

رائے پور، جولائی ۔چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے ریاست میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر تمام ضلع کلکٹروں، پولیس سپرنٹنڈنٹ اور شہری اداروں کو الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی ہے۔مسٹر بگھیل نے حکام سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلاب جیسی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام آفات سے نمٹنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ اندرون اڈیشہ پر طوفان کی شدت کی وجہ سے ریاست میں سرگوجا ڈویژن کو چھوڑ کر باقی ڈویژنوں کے اضلاع میں بعض مقامات پر شدید بارش اور ایک یا دو مقامات پر بہت زیادہ بارش کا قوی امکان ہے۔انہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم کو نشیبی اور ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں تیار رہنے کی ہدایت دی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر متاثرہ افراد کو فوری طور پر ضروری امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ندی نالوں کے پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ اطلاعات کنٹرول روم میں باقاعدگی سے دی جانی چاہئیں۔ جہاں کہیں بھی پانی جمع ہونے اور سیلاب کی صورتحال پیدا ہو، تمام ضروری انتظامات کو پیشگی یقینی بنایا جائے۔مسٹر بگھیل نے ضلع کلکٹروں سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قریبی عمارتوں میں عارضی ریلیف کیمپ کا انتظام کیا جائے۔ مکینیکل، بجلی محکمہ، تعمیرات عامہ، فوڈ ڈیپارٹمنٹ، اربن باڈیز وغیرہ کے افسران کو بھی کہا گیا ہے وہ محتاط رہیں۔

Related Articles