سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں موثر طریقے سے انجام دینے کی ہدایت

وزیر اعلی نے ریاست میں کوویڈ۔19 کے اب تک 50 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کئے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا

لکھنؤ: وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں اب تک 50 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ کوویڈ۔19 کی جانچ پر اطمینان کا اظہار کیا اور میڈیکل ٹیسٹنگ کا کام تیزرفتاری سے کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلی آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر بلائے گئے ایک اعلی سطحی میٹنگ میں انلاک بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے انفیکشن چین کو توڑنے کے لئے سبھی کوششوں کو جاری رکھاجائے۔ اس کام میں  میڈیکل ٹیسٹنگ کے ساتھ ساتھ سرویلانس، کانٹیکٹ ٹریسنگ اور ڈور ٹو ڈور سروے کا بھی اہم کردار ہے۔ اس کے پیش نظر ، ان کاموں کو بھی تیز رفتاری سے انجام دیا جائے۔
کوڈ اسپتالوں کے انتظامات کو چست درست بنائے رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کوڈ اسپتالوں میں وینٹیلیٹر سمیت تمام طبی سامان فعال رہنا چاہئے۔ آکسیجن کا 48 گھنٹے کا بیک اپ بھی لازمی دستیاب ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوڈ کے مریضوں میں ایچ ایف این سی کا اچھا رسپانس دیکھنے میں آیاہے۔ اس کے مد نظر علاج کے اس طریقہ کار کو بھی فعال بنایا جائے۔ انہوں نے لکھنؤ ، کانپور نگر ، گورکھپور اور شاہجہاں پور میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دیتے ہوئے ان اضلاع میں طبی بندوبست مستحکم بناے رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلی نے کہا ہے کہ ریاست کی تمام منڈیوں کی ہفتہ وار بندی  ہفتہ اور اتوار کو ہی رہے گی ۔ ریاست میں ہر ہفتہ اور اتوار کو صفائی ستھرائی ،سینیٹا ئزیشن اور فاگنگ کی خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ ان اقدامات سے کرونا کی چین کو توڑنے میں مدد مل رہی ہے وہیں متعددی امراض پر بھی موثر کنٹرول ہورہا ہے۔ انہوں نے ضلعی مجسٹریٹوں کو بازاروں کی ہفتہ وار بندی کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے، سیلاب سے متاثرعوام کے لئے ہر طرح کی مدد کا بندوبست کیا گیا ہے۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت کاموں کو مؤثر طریقے سے چلانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ  متاثرہ لوگوں کومکان کے نقصان پہنچنے پر معاوضہ فوری طور پر فراہم کرایا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ  کسانوں کو کھاد کی فراہمی میں کوئی دقت نہ ہونے پائے اس کے لئے کھاد کی کالا بازاری کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کے ساتھ ساتھ کھاد کی آسانی سے سپلائی کے لئے سبھی بندوبست کئے جائیں۔
اس موقع پروزیر طبی تعلیم جناب سریش کھنہ ،چیف سکریٹری جناب آر کے تیواری ،کمشنر انفراسٹرکچراورصنعتی ترقی جناب آلوک ٹنڈن ، کمشنر زرعی پیداوار جناب آلوک سنہا ، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو متل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلی و اطلاعات جناب اونیش کمار اوستھی ، ڈائرکٹر جنرل پولیس جناب ہیتش سی اوستھی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیومحترمہ رینوکا کمار ، ایڈیشنل چیف سکریٹری وزیر اعلی جناب ایس پی گوئل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد ، ایڈیشنل چیف سکریٹری طبی تعلیم ڈاکٹر رجنیش دوبے ،ایڈیشنل چیف سکریٹری دیہی ترقی و پنچایت راج جناب منوج کمار سنگھ ، ایڈیشنل چیف سکریٹری زراعت جناب دیویش چترویدی ، پرنسپل سکریٹر ی وزیر اعلی جناب  سنجے پرساد ، سکریٹر ی وزیر اعلی جناب آلوک کمار ،ڈائریکٹر  اطلاعات جناب ششر اور دیگرسینئر افسران موجود تھے۔

 

Related Articles