چترکوٹ:پک اپ سے کچل کر 6کی موت،2کی حالت نازک
چترکوٹ:جولائی۔ اترپردیش کے ضلع چترکوٹ کے بھرت کوپ تھانہ علاقے میں ہفتہ کو ایک سڑک حادثے میں چھ باراتیوں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر دو شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مہلوکین کے اہل خانہ کو دو۔ دو لاکھ روپئے اور زخمیوں کو 50۔50ہزار روپئے مالی تعاون دینے کا اعلان کیا ہے۔ ضلع چترکوٹ کے اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(اے ایس پی) شیلیند رائے نے بتایا کہ آج صبح تقریبا ساڑھے چھ بجے باندہ کی جانب سے ٹماٹر لاد کر کروی کی طرف جارہی ایک تیز رفتار پک اپ نے رولی کلیان پور گاؤں میں سڑک کنارے بیٹھے آٹھ باراتیوں کو کچل دیا۔ جس میں نریش، اروند، رام سوروپ، چھکا اور سوم دت کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جبکہ بھانو پرتاپ نے علاج کے دوران اسپتال میں دم توڑدیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھگوان داس(45) اور ران نارائن(50) کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ان کا علاج چل رہا ہے۔ اے ایس پی نے بتایا کہ سبھی متوفی اور زخمی باندہ ضلع کے جاری گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ پک اپ ڈرائیور روہت یادو کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ چترکوٹ کے ڈی ایم شبھرانت شکلا نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی انہوں نے خود پولیس عملے کے ساتھ موقع واردت پر پہنچ کر راحت رسانی کا کام شروع کرایا۔