بیرون ممالک تعلیم حاصل کررہے نوجوانوں سے ممتا بنرجی کی اپیل

مادروطن کی خدمت کیلئے ہندوستان واپس آئیں

کلکتہ ,جولائی۔ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے بنگال کے تعلیم یافتہ نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تعلیم کے حصول کیلئے بیرون ممالک ضرور جائیں مگر تعلیم مکمل ہونے کے بعد وطن واپس آئیں اور مادر وطن کی خدمت کریں۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی جمعرات کو کلکتہ کے نیتا جی انڈور اسٹیڈیم میں طلبہ کے کریڈٹ کارڈ تقسیم کی تقریب میں شریک تھیں۔ اپوزیشن جماعتوں کاالزام ہے کہ ممتا بنرجی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی ریاست میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ریاست چھوڑنے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ریاست میں روزگار نہیں ہونے کی وجہ سے نوجوانوں کو کام کی تلاش میں ریاست چھوڑنی پڑتی ہے۔تعلیم یافتہ افراد کیلئے زیادہ مشکلات ہیں کچھ اعلیٰ تعلیم یافتہ بیرون ملک ہجرت کر رہے ہیں، کچھ بنگلور، حیدرآباد، چنئی، ممبئی اور دہلی جیسے شہروں میں روزگار کیلئے مقیم ہورہے ہیں۔ اور عام پڑھے لکھے لوگ ملک کے دیگرریاسوں میں کام کرنے یا گاڑی چلانے جا رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ کورونا اورلاک ڈاؤن کے دوران بڑی تعداد میں لوٹنے والے غیر مقیم مزدوروں کی صورت حال نے ممتا بنرجی کی ناکامی کو واضح کیا ہے ممتابنرجی نے جمعرات کو کہاکہ کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ ہم ہارورڈ میں پڑھنے جا رہے ہیں، ہم کیمبرج میں پڑھنے جا رہے ہیں۔ لیکن کیا ہم نے کبھی سوچا ہے کہ ہمارے گھر کے لڑکے ہارورڈ، کیمبرج چلاتے ہیں وزیراعلیٰ نے شکایت کی کہ ہمارے بچے گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کے بعد امریکہ میں برطانیہ جرمنی میں موقع ملنے پر آباد ہوجاتے ہیں۔ مجھے صرف ایک بات کہنی ہے۔ ہماری نئی نسل کے طلباء اور نوجوانوں سے میری ایک ہی گزارش ہے کہ آپ سب لوگ ملک چھوڑ دیں گے تو ملک میں کون رہے گا؟ ریاست میں کون ہوگا؟ تعلیم کون چلائے گا؟ کلچر کون چلائے گا؟ معیشت کون چلائے گا؟ ممتا بنرجی نے نوجوانوں سے کہاکہ جائیں، پڑھیں اور واپس آکر مادروطن کی خدمت کریں۔وطن کومت بھولیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے پاس پیشہ ورانہ تعلیم میں تقریباً 30,000 آسامیاں ہیں۔ ان عہدوں پر جاب میلوں کے ذریعے بہت جلدنوجوانوں کو بھرتی کیا جائے گا۔

Related Articles