مجرم کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، اسے بخشا نہیں جائے گا: گہلوت
جے پور، جون ۔راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے ریاست کے لوگوں سے امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ مجرم چاہے وہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو اور کسی بھی مذہب یا فرقے سے تعلق رکھتا ہو اسے کسی بھی حالت میں بخشا نہیں جائے گا۔ مسٹر گہلوت نے آج صبح سوشل میڈیا پر ریاست کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست میں امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے جانا جاتا ہے، بھائی چارے اور اپنائیت کی مثال پورے ملک میں دی جاتی ہے۔ 28 جون کو ادے پور میں ایک نوجوان کا بے دردی سے قتل کر دیا گیا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے پوری تندہی سے کام کر رہی ہے۔ مقامی پولیس نے اس معاملے میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 (یو اے پی اے) کی دفعہ 16، 18 اور 20 اور تعزیرات ہند کی دفعہ 153اے، 153بی، 295اے، 452 اور 34 کے ساتھ دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی واقعہ کی تفصیلی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی۔ پولیس کی بروقت کارروائی سے دونوں مرکزی ملزمان کی جلد گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان کا تعلق غیر ملکی تنظیموں سے ہے، اس لیے اس واقعہ کی تحقیقات این آئی اے کر رہی ہے۔ ریاست کے اے ٹی ایس اور ایس او جی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ این آئی اے کی جانب سے کی جارہی تحقیقات میں مکمل تعاون کریں۔ وزیر اعلیٰ نے تمام مذہبی رہنماؤں، عوامی نمائندوں، سماجی تنظیموں اور سماجی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ سماجی ہم آہنگی کی اپیل کریں تاکہ ریاست میں امن کی فضا قائم رہے۔ ریاست کے عوام بدامنی پھیلانے اور ماحول کو خراب کرنے والے سماج دشمن عناصر کے جھانسے میں نہیں آئے۔ تاکہ معاشرے میں خوف اور بدامنی کی فضا پیدا نہ ہو، ایسا کوئی مواد اور ویڈیو سوشل میڈیا سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر نشر نہ کریں۔ مسٹر گہلوت نے کہاکہ ’’میں ریاست کے لوگوں سے عاجزانہ اپیل کرتا ہوں کہ ہر کوئی امن و امان کو برقرار رکھنے میں اپنی ذمہ داری کو پورا کرے اور اگر آپ کے پاس امن اور ہم آہنگی کو بگاڑنے کے بارے میں کوئی معلومات ہیں تو 100 اور 101 پر کال کرکے ضرور اطلاع دیں۔