اتراکھنڈ میں موسلا دھار بارش سے 38 سڑکیں بلاک، ایک تاجر نالے میں بہہ گیا

نینی تال، جون ۔ اتراکھنڈ کے کماؤن ڈویژن میں منگل کی رات سے بدھ کی صبح تک ہونے والی موسلادھار بارش کی وجہ سے مجموعی طور سے 38 سڑکیں بند ہو گئیں۔ باگیشور میں اے این ایم اور سی ایس سی سنٹر کو نقصان پہنچا ہے۔ پتھورا گڑھ میں ایک تاجر کے موٹر سائیکل کے ساتھ بہہ جانے کی خبر ہے۔ باگیشور ضلع کی کپکوٹ تحصیل میں زیادہ بارش کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ گئیں ہیں۔ موبائل نیٹ ورک ختم ہو گیا ہے۔ منگل کی رات سے بدھ کی صبح تک تقریباً 212 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ یہاں سریو ندی کے پانی کی سطح اچانک بڑھ گئی۔ بارش کی وجہ سے 25 سڑکیں بلاک ہو گئی ہیں۔ ان میں باگیشور-کاپا کوٹ ہائی وے بھی شامل ہے۔ اے ایس آئی کے قریب ملبے سے شاہراہ بلاک ہوگئی۔ دو ریاستی اور تین ضلعی سڑکوں کے علاوہ 20 دیہی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ سریو کے کنارے آسو میں واقع اے این ایم سینٹر اور سی ایچ او سینٹر شدید بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ یہاں زرعی اراضی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پتھورا گڑھ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر ریڈکشن اینڈ منیجمنٹ سینٹر کے مطابق ضلع میں زیادہ بارش کی وجہ سے 13 سڑکیں ملبے کی وجہ سے بند ہو گئی ہیں۔ ان میں چین کی سرحد کو جوڑنے والی تواگھاٹ-گھٹیا باگڈ سڑک بھی شامل ہے۔ تھل-منسیاری ریاستی سڑک بھی بند بتائی جاتی ہے۔ دیہی علاقوں کو ملانے والی 11 سڑکیں بھی بند ہیں۔ پتھورا گڑھ ضلع میں گگ ندی کا بہاؤ جاری ہے۔ ضلع میں منگل کی رات سے آج صبح تک موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ بیریناگ میں 114 ملی میٹر جبکہ دیدیہاٹ 50.50، دھرچولا میں 46.80، پتھورا گڑھ 49.00، گنگولیہاٹ 13.00 اور منسیاری میں سب سے کم 12.20 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔۔ بتایا جا رہا ہے کہ پنکھو کوٹمانیہ موٹر روڈ پر دیوی گڑھ کے قریب ایک تاجر تیز کرنٹ کی زد میں آکر اپنی موٹر سائیکل سمیت بہہ گیا۔ انتظامیہ کی ٹیم جائے واقع پر پہنچ گئی ہے۔ گڈھے میں تاجر کی لاش پائی گئی۔ نینی تال میں بھی نینی تال بھوالی سڑک پر ملبے کی وجہ سے سڑک بند ہوگئی ہے۔ دونوں طرف گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں۔ سیاح کافی دیر تک پھنسے رہے۔

Related Articles