مجھے نہیں لگتا کہ دھون ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلیں گے: گواسکر
نئی دہلی، جون۔ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گواسکر کو لگتا ہے کہ تجربہ کار بلے باز شکھر دھون اس سال آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں جگہ نہیں بناپائیں گے ۔ دھون اس سے قبل 2014 اور 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ رواں سال آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی کے بعد ان کی ٹیم میں واپسی کے چرچے شروع ہوگئے تھے تاہم انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ دھون کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے بھی منتخب نہیں کیا گیا ہے۔ ٹیم میں دھون کی واپسی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے گواسکر نے اسٹار اسپورٹس پر کہا، مجھے نہیں لگتا کہ ان کا نام سامنے آئے گا۔ اگر ایسا ہوتا تو وہ آئرلینڈ کے دورے کے لیے ٹیم میں ہوتے۔ انھوں نے کہا کہ ‘کئی کھلاڑی انگلینڈ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، وہ بھی اس ٹیم میں ہو سکتے تھے، اگر وہ اس ٹیم میں نہیں ہیں تو مجھے نہیں لگتا کہ انھیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ گواسکر نے کہا، ’’میرے مطابق، روہت شرما اور کے ایل راہل کو ورلڈ کپ میں اننگز کا آغاز کرنا چاہیے اگر وہ فٹ ہیں۔‘‘ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے شروع ہوگا جس میں انڈیاکا پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف کھیلا جانا ہے۔