انگلینڈسے ہمیں وہ تعاون نہ مل سکا، جس پر ہم شدید مایوس ہیں: رمیز راجہ
اسلام آباد، ستمبر۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے انگلینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انگلینڈ نے ہمارا استعمال کر کے پھینک دیا ہو۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے خطے میں سفر کے حوالے سے بڑھتے ہوئے تحفظات کی روشنی آئندہ ماہ اپنی ٹیموں کا شیڈول دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ انگلینڈ کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کو آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔یہ انگلینڈ کی ٹیم کا 2005 کے بعد پہلا دورہ پاکستان تھا جبکہ انگلینڈ کی ویمنز ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرتی۔ انگلینڈ سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی پاکستان آنے کے بعد سیکیورٹی وجوہات کے سبب دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا۔ رمیز راجہ نے آن لائن پریس کانفرنس کے دوران انگلینڈ کے رویے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے اس وقت ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ہمیں استعمال کر کے پھینک دیا گیا ہو۔ ڈان نیوز کے مطابق پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے انکار کے بعد ہمارا ہاتھ تھامنے اور خیال رکھے جانے کی ضرورت تھی لیکن انگلینڈ سے ہمیں وہ تعاون نہ مل سکا جس پر ہم شدید مایوس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی استطاعت سے بڑھ کر کرکٹ برادری کے ایک ذمے دار ملک کی حیثیت سے انٹرنیشنل کرکٹ کی مانگوں کو پورا کیا اور اس کے جواب میں انگلش کرکٹ بورڈ نے جواب دیا کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے دورے کی منسوخی کے بعد ہمارے کھلاڑی ڈر گئے تھے، اس کا کیا مطلب ہے؟۔ رمیز راجا نے کہا کہ کیا یہ دوہرا معیار نہیں، ایک طرف آپ ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑیوں کی تھکن اور ذہنی تناؤ کی بات کررہے ہیں لیکن دوسری جانب وہ یہاں سے ڈیڑھ گھنٹے کی فلائٹ پر واقع ملک میں بخوشی بائیو سیکیور میں قید رہ کر ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم انتہائی ذلت اور تضحیک محسوس کررہے ہیں کیونکہ دورے سے انکار کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔