دھونی نے جذبات میں فیصلے نہیں کیے: پونٹنگ

نئی دہلی ،آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ سابق ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی بطور کپتان کبھی بھی جذبات سے فیصلے نہیں کرتے تھے۔
پونٹنگ اور دھونی دونوں کپتانوں نے اپنی کپتانی میں اپنی ٹیموں کو عالمی چمپئن بنایا ہے۔آسٹریلیا کے لئے لگاتار دو ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا خیال ہے کہ ان کی کپتانی اور مہندر سنگھ دھونی کے مابین ایک بڑا فرق تھا۔ انہوں نے کہا کہ بطور کپتان دھونی نے اپنے جذبات کو کبھی بھی میدان میں خود پر حاوی نہیں ہونے دیا لیکن میں ایسا کرنے میں کبھی بھی کامیاب نہیں رہا ۔ اس خصوصیت کی وجہ سے دھونی ہندوستان کے سب سے کامیاب کپتان بن گئے۔ پونٹنگ نے یہ بات آسٹریلیائی ویب سائٹ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔
پونٹنگ نے کہا کہ جب دھونی ٹیم کے کپتان تھے ٹیم انڈیا کا حوصلہ ہمیشہ بلند رہتا تھا۔ وہ اپنے کھلاڑیوں سے شاندار کارکردگی کرانے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ ٹیم اور کھیل پر ان کا ہمیشہ کنٹرول رہتا تھا۔ ساتھی کھلاڑیوں نے ان کے اس معیار کو پسند کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اب ہندوستان میں بہت زیادہ وقت صرف کرتا ہوں اور میں جانتا ہوں کہ دھونی کو ہندوستان میں کتنا پسند کیا جاتا ہے۔ دنیا میں کہیں بھی سفر کریں ، کرکٹ کے شائقین دھونی اور ان کی کپتانی کے بارے میں بات کرتے مل جائیں گے کہ وہ میدان میں مشکل حالات میں بھی خود کو پرسکون کیسے رکھتے ہیں ۔
آئی پی ایل کے اس سیزن میں دہلی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے پونٹنگ نے کہا کہ میں لیگ میں دھونی کی زیرقیادت چنئی ٹیم کا بے تابی سے انتظار کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چنئی آئی پی ایل میں سب سے مضبوط ٹیم ہے اور اس کا زیادہ تر سہرا دھونی کی قیادت کو جاتا ہے۔ میری کوشش ہوگی کہ اس سیزن میں دھونی کم سے کم ہمارے خلاف نہ جیتیں۔آسٹریلیائی ٹیم نے پونٹنگ کی کپتانی میں 2003 اور 2007 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ دوسری طرف دھونی نے آئی سی سی کی تینوں ٹرافی بطور کپتان جیتی ہیں ۔ انہوں نے 2007 میں ٹی ٹوئنٹی اور 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ 2013 میں چمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔
دھونی نے رواں ماہ 15 اگست کو انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام پوسٹ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا۔ ان کا آخری بین الاقوامی میچ گذشتہ سال ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا گیا تھا۔ تب ٹیم انڈیا کو سیمی فائنل میں شکست کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہونا پڑا تھا۔ اس میچ میں دھونی نے 50 رنز بنائے تھے۔

Related Articles