سلوچنا راوت اور ان کے بیٹے وشال نے بی جے پی کی باضابطہ رکنیت حاصل کی
بھوپال ، اکتوبر۔ کانگریس چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے والی سینئر قبائلی لیڈر سلوچنا راوت اور ان کے بیٹے وشال راوت نے آج یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر پہنچنے کے بعد پارٹی میں باضابطہ طور پر رکنیت حاصل کرلی۔اس موقع پر ریاستی صدر وشنود دت شرما ، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان ، پارٹی کے سینئر لیڈر اور جھابوا اور علی راج پور اضلاع کے کئی بی جے پی لیڈر بھی موجود تھے۔اس سے قبل کل رات وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر محترمہ سلوچنا راوت اور وشال راوت کے پارٹی میں داخلے کا اعلان کیا گیا تھا۔ دونوں کو بی جے پی کی علامت کے طور پر بھگوا اسٹال پہنا کر پارٹی میں شامل کیا گیا۔سابق وزیر سلوچنا راوت علی راج پور ضلع کے جوبٹ اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر پہلی بار سال 1998 میں ایم ایل اے منتخب ہوئی تھیں اور اس وقت انہیں دگ وجے سنگھ حکومت میں وزیر مملکت بنایا گیا تھا۔ تاہم ، وہ 2003 کا الیکشن جوبٹ سے ہار گئی تھیں۔ وہ 2008 میں کانگریس کے ٹکٹ پر دوبار فتح یاب ہوئی تھیں۔ 2018 کے انتخابات میں انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا اور ان کے خاندان نے کانگریس کے خلاف بغاوت کی اور بیٹے وشال نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا۔ تاہم وہ کچھ خاص نہیں کرپائے۔