وی آئی پی قافلے کے دوران عوام کی نقل و حرکت کو روکا نہ جائے: ساہا
اگرتلہ، مئی۔تریپورہ کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا نے ٹریفک پولیس کو متنبہ کیا کہ وہ وی آئی پی قافلوں کے دوران معمول کے مسافروں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد نہ کرے۔اطلاعات کے مطابق مسٹر ساہا نے پیر کی شام دیر گئے بی جے پی ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران دیکھا کہ ٹریفک پولیس نے تمام گاڑیوں کی نقل و حرکت روک رکھی تھی، جس کی وجہ سے انہوں نے مسافروں کو کافی پریشان دیکھا۔پیر کی رات ایک ٹویٹ میں وزیر اعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو گاڑیاں روکے جانے سے مسافروں کو ہونے والی تکلیف کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ جب بھی وی آئی پی قافلہ نکلتا ہے تو اس سے معمول کے مسافروں کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے اور ان کی حفاظت کا بھی خیال رکھا جائے۔ اس دوران انہوں نے پولیس انتظامیہ کو اس معاملے کو سنجیدگی سے لینے کا مشورہ دیا اور آئندہ وی آئی پی قافلے کے سبب عام لوگوں کو پریشان نہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس انتظامیہ کو عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح دینی چاہئے۔