معذور کو جھارکھنڈ میں فلائٹ میں سوار ہونے کی اجازت نہ دینے پر انڈیگو پر 5 لاکھ کا جرمانہ
رانچی، مئی۔ ڈی جی سی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے پہلی نظر میں انڈیگو کے ملازم کو 7 مئی کو جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے برسا منڈا ہوائی اڈے پر ایک معذور بچے کو انڈیگو کے سروس ہوائی جہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہ دینے کا قصوروار پایا اور اب انڈیگو ایئر لائنز کمپنی پر بھی 5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ انڈیگو کو اپنا کیس پیش کرنے کے لیے 26 مئی تک کا وقت دیا گیا تھا اور اس سلسلے میں حتمی فیصلہ ڈی جی سی اے نے ہفتہ کو کیا ہے۔ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق ڈی جی سی اے کی 3 رکنی ٹیم اور انڈیگو کے تین عہدیداروں نے معذور کو جہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہ دینے کے معاملے میں پوچھ گچھ کی اور ثبوت اکٹھے کئے۔ تحقیقاتی ٹیم نے واقعہ کے دن کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھے۔ اس دوران ڈی جی سی اے ٹیم نے پایا کہ انڈیگو کے ملازمین نے بوکارو سے آنے والے ایک جوڑے اور ان کے بچے کے ساتھ بدتمیزی کی تھی اور انہیں جہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی تھی۔اس معاملے میں مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر جیوتیرادتیہ سندھیا کی جانب سے بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے اس معاملے میں مناسب کارروائی کا یقین دلایا تھا۔