نتیش۔ تیجسوی کے مابین بڑھتی نزدیکیوں سے پریشان بی جے پی نے سی بی آئی سے چھاپہ مروایا

پٹنہ  مئی۔راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کے سنیئر لیڈر شیوانند تیواری نے الزام لگایاکہ ذات پر مبنی مردم شمار ی کے معاملے پر وزیراعلیٰ نتیش کمار اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو کے مابین بڑھتی نزدیکیوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) بے چین ہوگئی ہے اور اسی وجہ سے اس نے مرکزی جانچ بیورو ( سی بی آئی ) سے مسٹر لالو پرساد یادو او ر مسز رابڑی دیوی کے ٹھکانوںپر چھاپے ماری کروائی ہے ۔مسٹر تیواری نے جمعہ کو یہاں کہاکہ مسٹر لالو پرساد یادو اور مسز رابڑی دیوی سے منسلک دیگر مقامات پر سی بی آئی کی چھاپے ماری کہیں مسٹر نتیش کمار کو انتباہ تو نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ذات پر مبنی مردم شماری کے معاملے پر مسٹر نتیش کمار اور مسٹر تیجسوی یادو کے مابین بڑھتی نزدیکیاں بی جے پی کو پریشان کر رہی ہیں۔ چھاپے ماری کے وقت کا انتخاب تو اسی جانب اشارہ کر رہاہے ۔آرجے ڈی نے کہاکہ راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ ذات پر مبنی مردم شماری کے خلاف ہے ۔ ذات پر مبنی مردم شماری سے یہ بات سامنے آجائے گی کہ کن کی کتنی تعداد ہے اور اس کے تناسب میں ملک کے وسائل کا کون کتنا استعمال کررہاہے ۔ اس جانکاری کے بعد اکثریتی آبادی جو محرم ہے اس میں وسائل کی تقسیم کی مضبوط مانگ اٹھ سکتی ہے ۔مسٹر تیواری نے کہاکہ ” ورنہ اتنے پرانے معاملے میں اب تک نیند میں سوئی سی بی آئی اچانک کیسے جاگ گئی ۔ وہ بھی جب مسٹر نتیش کمار ذات پر مبنی مردم شماری کے لئے کل جماعتی میٹنگ طلب کرنے جارہے ہیں ، لیکن ایسی کاروائی کے ذریعہ سچ کو کب تک دباکررکھا جاسکتاہے ۔غورطلب ہے کہ سی بی آئی نے آج ریلوے بھرتی گھوٹالہ کے معاملے میں مسٹر لالو پرساد یادو ، اہلیہ رابڑی دیوی اور بڑی بیٹی میسا بھارتی کے 17 ٹھکانوں پر چھاپے ماری کی ہے ۔دراصل مسٹر لالو پرساد یادو سال 2004 سے 2009 کے مابین متحدہ ترقی پسند اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت میں وزیر ریل تھے ۔ اسی دوران ریلوے میں بھرتی کیلئے مبینہ طور پر زمین لکھوانے کے الزامات سے متعلق ایک نیا معاملہ مسٹر لالو پرساد یادو اور ان کے اہل خانہ پر درج ہونے کے بعد سی بی آئی نے یہ کاروائی کی ہے ۔

Related Articles