گنے کی پیرائی کے اختتام تک شوگر ملیں جاری رہیں گی: ٹھاکرے
ممبئی، مئی۔مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے منگل کو حکم دیا کہ شوگر ملیں اس وقت تک کام کرتی رہیں گی جب تک کسان گنے کی پیرائی مکمل نہیں کر لیتے۔ اس سال ریاست میں گنے کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور گنے کا رقبہ گزشتہ سیزن کے مقابلے 2.25 لاکھ ہیکٹر زیادہ ہے۔ یہاں ایک میٹنگ میں مسٹر ٹھاکرے نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کو کسی بھی نقصان سے بچنے کے لیے شوگر ملوں کو پیرائی تک کھلا رکھنا چاہئے۔ سہیادری گیسٹ ہاؤس میں مسٹر ٹھاکرے کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں کسانوں کے مفاد میں گنے کی پیرائی پر 200 روپے کی اضافی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، وزیر محصول بالاصاحب تھوراٹ، وزیر کوآپریٹیو بالا صاحب پاٹل، وزیر زراعت دادا جی بھوسے ، وزیر صحت عامہ راجیش ٹوپے، طبی تعلیم کے وزیر امت دیشمکھ، کوآپریٹو کے وزیر مملکت وشواجیت کدم، چیف سکریٹری منو کمار سریواستو اور وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری آشیش کمار سنگھ کے ساتھ دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ اس فیصلہ سے ریاست پر تقریباً 100 کروڑ روپے کا مالی بوجھ پڑے گا۔ یکم مئی 2022 کو سیزن ختم ہونے کے بعد ریاست میں تقریباً 52 لاکھ ٹن گنے کی پیرائی کی امید ہے۔ اس میں سے اب تک 32 لاکھ ٹن گنے کی پیرائی کی جا چکی ہے۔