تلنگانہ میں آئندہ تعلیمی سال سے انگلش میڈیم کا نفاذ: وزیر نرنجن ریڈی
حیدرآباد ، مئی۔تلنگانہ کے وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو اگلے تعلیمی سال سے تمام اسکولوں میں انگریزی میڈیم میں بہتر تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیر نرنجن ریڈی نے اتوار کو ونپرتی ضلع میں ہماراگاوں۔ہمارااسکول پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل کلاسس کے ساتھ پورے تلنگانہ میں ایک نئی قسم کی تدریس کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ”ہم تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں اور حکومت کالجوں کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے“۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صحت وطبابت کے شعبہ کو مضبوط کرنے کے لیے پہلے ہی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کام کر رہی ہے کہ تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال میں غریبوں کو نقصان نہ پہنچے۔