یہ آئی پی ایل ہم سب کے لئے ایک مختلف تجربہ ہوگا: رہانے
ممبئی ،دہلی کیپٹلز ٹیم کے اسٹار بلے باز اجنکیا رہانے کا کہنا ہے کہ اس سال کا آئی پی ایل ہم سب کے لئے ایک الگ تجربہ ہوگا۔
آئی پی ایل کا 13 واں سیزن 19 ستمبر سے 10 نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہوگا۔ اس کے لئے دہلی کی ٹیم کپتان شریس ایئر کی سربراہی میں جمعرات کو ممبئی پہنچی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے آئی پی ایل فرنچائزز کو سیکیورٹی کے پیش نظر پروٹوکول پر عمل پیرا ہونا پڑا۔ آئی پی ایل کا انعقاد بائیولوسیفٹی پروٹوکول کے تحت کیا جائے گا جس کے لئے بی سی سی آئی نے تمام فرنچائز ٹیموں کو اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) جاری کیا ہے۔
پہلی بار دہلی ٹیم کے لئے کھیلنے والے رہانے نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ وقت ہم سب کے لئے چیلینج ہوگا۔ لیکن سب کی طرح میں نے بھی پچھلے کچھ مہینوں میں اپنی جسمانی اور دماغی صحت پر توجہ مرکوز کی ہے اور اپنے کنبہ کی دیکھ بھال کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا میرے لئے مثبت رہنے کا باعث بنا ہے۔ تاہم یہ آئی پی ایل ہم سب کے لئے ایک مختلف تجربہ ہوگا۔ ہم سب کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہم میدان میں رہتے ہوئے مثبت رہیں۔
ٹیم کے نوجوان بلے باز ممبئی کے پرتھوی شا نے کہا کہ ہم نے اس وبا میں گذشتہ چار پانچ ماہ گزارے ہیں لہذا ہم سب جانتے ہیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے۔ ہم سب خود کو اس ماحول میں کھیلنے کے لئے ذہنی طور پر تیار کررہے ہیں اور اپنی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں۔
پرتھوی نے کہا کہ دہلی ٹیم کے تمام کھلاڑی ایک ٹیم کے طور پر کھیلیں گے۔ ہم جانتے ہیں کہ لوگوں کو ہم سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ لیکن ہماری توجہ متحدہ عرب امارات میں زیادہ سے زیادہ تربیتی سیشنز پر رکھنا ہے۔ ہمارے پاس ٹیم میں کچھ نئے کھلاڑی بھی شامل ہیں تاکہ ہم اس سیزن میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔