راجستھان ، پنجاب اور کولکتہ ٹیمیں دبئی پہنچیں،چنئی کی روانگی
نئی دہلی ،راجستھان رائلز ، کنگز الیون پنجاب اور کولکتہ نائٹ رائڈرس (کے کے آر) کی ٹیمیں آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن کے لئے دبئی پہنچ گئی ہیں۔جبکہ چنئی سپر کنگز کی ٹیم دبئی کے لئے آج روانہ ہو رہی ہے ۔ آئی پی ایل کا انعقاد 19 ستمبر سے 10 نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونا ہے۔ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے فرنچائزز سے 20 اگست سے متحدہ عرب امارات پہنچنے کو کہا تھا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو مختلف پروٹوکول کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بی سی سی آئی نے فرنچائزز کے لئے ایک معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) جاری کیا ہے جس پر تمام ٹیموں کو عمل کرنا ہوگا۔ آئی پی ایل کا مقابلہ بایولو سیفٹی پروٹوکول کے تحت کیا جائے گا جس کو توڑنے کے بعد کھلاڑی کو قرنطین اور کورونا ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔
متحدہ عرب امارات جانے سے قبل پنجاب ، راجستھان اور کولکتہ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کا متعدد بار ٹیسٹ کیا جاچکا ہے اور اب انہیں چھ دن آئسولیشن میں رہنا پڑے گا۔ دبئی پہنچنے کے بعد ان ٹیموں کے کھلاڑیوں کا پہلے دن ، تیسرے دن اور چھٹے دن ٹیسٹ کیا جائے گا۔
اگر یہ کھلاڑی تمام ٹیسٹ پاس کرلیتے ہیں تو پھر انہیں بایو سیکیور پروٹوکول کے تحت تربیت شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔ دریں اثنا ٹورنامنٹ کے دوران ہر پانچویں دن تمام کھلاڑیوں اور معاون عملے کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔
دہلی کی ٹیم کپتان شریاس ایئر کی سربراہی میں دبئی جانے کے لئے جمعرات کو ممبئی پہنچی ہے۔دھونی کی زیرقیادت سی ایس کے 5 روزہ تربیت کے بعد آئی پی ایل کے لئے دبئی روانہ ہوگئی۔تین بار کی چمپئن چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے کپتان ایم ایس دھونی اور دیگر ہندوستانی کھلاڑی آج پانچ روزہ تربیتی اجلاس کے بعد دبئی روانہ ہوگئے۔
تاہم آف اسپنر ہربھجن سنگھ ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کررہے ہیں جو ذاتی وجوہات کی بناء پر دبئی جانے والی ٹیم میں شامل نہیں ہیں اور وہ دو ہفتوں کے بعد اسکواڈ جوائن کریں گے۔ہربھجن تربیتی سیشن میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے۔
سی ایس کے کے سی ای او کے وشوناتھن نے یو این آئی کو بتایا کہ تمام کھلاڑیوں کا کورونا وائرس کے لئے تین بار ٹیسٹکیا گیا اور ان سب کا نتیجہ منفی رہا جس کے بعد وہ خصوصی طیارے سے دبئی روانہ ہوگئے۔