بارہ مولہ تصادم : لشکر کمانڈر اور اُس کا ساتھی ہلاک، 5اہلکار زخمی، آپریشن ہنوز جاری : پولیس

سری نگر،اپریل۔ شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری تصادم میں لشکر کمانڈر اور اُس کا ساتھی مارا گیا جبکہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں پانچ سیکورٹی فورسز کے اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری پولیس ذرائع نے بتایا کہ بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں لشکر کمانڈر یوسف کانترو اور اُس کے ساتھی کو مار گرایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں پولیس کا ایک جوان اور فوج کے چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں مزید جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے پیش نظر فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف کی اضافی کمک نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ہے۔دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں لشکر کا اعلیٰ کمانڈر مارا گیا انہوں نے بتایا کہ مہلوک کمانڈر سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھا جبکہ اُس کے خلاف جرائم کی ایک لمبی فہرست بھی موجود ہے۔انہوں نے بتایا مہلوک کمانڈر عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے ۔

Related Articles