فوج ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار رہے: راج ناتھ
نئی دہلی، اپریل ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فوج کی اعلیٰ قیادت سے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی جیسی غیر روایتی اور بالواسطہ جنگ سمیت سبھی طرح کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہے فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، جو گزشتہ چار دنوں سے جاری ہے، مسٹر سنگھ نے جمعرات کو فوج کی آپریشنل تیاریوں اور مسلسل بڑھتی ہوئی صلاحیت کی ستائش کی۔ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ اس پیچیدہ صورتحال سے پوری دنیا متاثر ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہائبرڈ سمیت غیر روایتی اور بالواسطہ جنگ مستقبل کی لڑائیوں کا حصہ رہیں گی۔ سائبر، اطلاعات، مواصلات، تجارت اور مالیات سبھی مستقبل کے تنازعات کا لازمی حصہ بن گئے ہیں۔ اس لیے ضروری ہو گیا ہے کہ مسلح افواج کو مستقبل کی حکمت عملی کی منصوبہ بندی کرتے وقت ان تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھنا ہوگا‘‘۔مغربی سرحد پر صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ دشمن کی جانب سے پراکسی وار کی مذموم کارروائیاں جاری ہیں لیکن فوج نے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دے کر ان کارروائیوں کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے میں مرکزی پولیس فورسز، ریاستی پولیس اور فوج کے درمیان تعاون کی تعریف کرتے ہیں۔ مربوط کارروائیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں استحکام اور امن کی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور اس سمت میں اقدامات کو روکا نہیں جانا چاہئے۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ حکومت فوجیوں کی جنگی صلاحیت کو بڑھانے اور ان کے لیے فلاحی اسکیموں کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آتم نربھر بھارت یوجنا دفاعی شعبے میں خود کفیلی کی طرف ایک بڑا قدم ہے اور اس کے ذریعہ گھریلو صنعت کو فوجوں کی مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کا موقع ملا ہے۔فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس سال میں دو بار اپریل اور اکتوبر میں ہوتی ہے اور اس کانفرنس میں فوج کی آپریشنل تیاریوں سے لے کر مستقبل کی حکمت عملی تک گہرائی سے بات چیت کی جاتی ہے۔ فوج سے متعلق پالیسی فیصلے انہی بات چیت کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔