اکشر پٹیل کی خطرناک گیندبازی سے نیوزی لینڈ 296 رن پر ڈھیر ، ہندوستان کو 49 رن کی سبقت ملی

کانپور، نومبر۔ لیفٹ آرم اسپنر اکشر پٹیل (62 رن پر 5 وکٹ) اور آف اسپنر روی چندرن اشون (82 رن پر 3 وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت ہندوستان نے ہفتہ کو یہاں پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 296 رن پر ڈھیر کردیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کو اب 49 رن کی اہم برتری حاصل ہوگئی ہے۔گرین پارک گراؤنڈ میں شاندار اسپن گیندبازی کرتے ہوئے، اکشر پٹیل نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں چوتھی بار ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر نے روی چندرن اشون کے ساتھ مل کر ہندوستانی ٹیم کو صبح مقابلے میں واپسی کرائی۔ نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 129 رنز کی اچھی پوزیشن سے کھیلنا شروع کیا۔ ٹام لاتھم اور ول ینگ دونوں سلامی بلےبازوں نے اچھی شروعات کی، لیکن روی چندرن اشون نے 151 کے اسکور پر ول کی وکٹ لے کر اس شراکت کو توڑ دیا۔ ول 89 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ صبح کے سیشن میں نیوزی لینڈ کی ایک اور وکٹ گر گئی جب کپتان کین ولیمسن تیز گیند باز امیش یادیو کا شکار ہو گئے اور ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد اکشر نے کسی بھی بلے باز کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا اور ایک کے بعد ایک وکٹ حاصل کی۔اکشر پٹیل نے دوپہر کے سیشن میں تین وکٹیں حاصل کیں اور ہندوستان کو میچ میں اچھی پوزیشن میں پہنچا دیا۔ اکشر نے دوسری نئی گیند کے ساتھ گیندبازی کرتے ہوئے راس ٹیلر، ہنری نکولس اور ٹام لیتھم کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے چائے کے بعد ٹام بلنڈل اور ٹم ساؤتھی کی وکٹیں بھی زحاصل کیں۔ ان کے ساتھ تجربہ کار اسپنر اشون نے بھی شاندار گیند بازی کی اور 42.3 اوور میں 82 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں ۔ اشون نے ول ینگ، کائل جیمیسن اور ولیم سومرویل کو اپنا شکار بنایا۔ اس کے علاوہ رویندرا جڈیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لاتھم نے سب سے زیادہ 95 رن بنائے۔

Related Articles