کورونا کے نئے ویرئنٹ سے گھبرانے کی ضرورت نہیں:ستیندر جین

نئی دہلی،اپریل۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے پیر کو کہا کہ کورونا انفیکشن کے نئے ویرئنٹ ایکس ای سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس ویرئنٹ کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کی طرف سے ویرئنٹ آف کنسرن کی لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔دہلی میں کورونا کے معاملات کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے مسٹر جین نے کہا، ’’ہم دہلی میں کووڈ-19 کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ فی الحال، انفیکشن کی شرح پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ اسپتالوں میں داخل ہونے والوں کی تعداد دن بہ دن کم ہو رہی ہے۔ اس وقت اسپتالوں میں کورونا کے صرف 49 مریض داخل ہیں۔ کورونا کے مریضوں کی تعداد متوازن اور قابو میں ہے۔‘‘گجرات میں پائے جانے والے کورونا کے ایکس ای ویرینٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے نئے ویرینٹ سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایکس ای ویریئنٹ کو ڈبلیو ایچ او کی طرف سے ‘ویریئنٹس آف کنسرن کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس وقت تک پریشان ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے جب تک کہ تشویش کی کوئی قسم سامنے نہ آجائے۔ دنیا بھر میں ہر روز کوئی نہ کوئی نیا ویریئنٹ آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کورونا کے نئے ویریئنٹس کے ساتھ جینا سیکھنا ہے، یہ ویریئنٹس آگے آتے رہیں گے۔ تاہم، ہمیں اب بھی کورونا کے قوانین پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کی طرف سے کورونا کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Related Articles