سری نگر تصادم : لشکر طیبہ سے وابستہ 2 پاکستانی جنگجو ہلاک، تین اہلکار زخمی: آئی جی کشمیر
سری نگر، اپریل۔ جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے بشمبر نگر ڈلگیٹ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو جنگجو مارے گئے جبکہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں تین اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی ) کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ تصادم میں لشکر طیبہ کا پاکستانی کمانڈر اور اُس کا ساتھی مارا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ جس رہائشی مکان میں ملی ٹینٹ موجود تھے اُس کو سیز کیا جائے گا۔پولیس ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ اتوار کے روز سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر بشمبر نگر ڈلگیٹ سری نگر کے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو جنگجو مارے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔اُن کے مطابق مائسمہ سری نگر میںسی آر پی ایف پر ہوئے حملے میں مہلوک جنگجو براہ براست ملوث تھے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھے ۔معلوم ہوا ہے کہ اس تصادم کے دوران دو پولیس اور ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ بشمبر نگر تصادم میں لشکر طیبہ کے دو جنگجو مارے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دونوں مائسمہ میں پیر ا ملٹری فورسز پر ہوئے حملے میں براہ راست ملوث تھے اور اُن کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی تھی۔آئی جی پی نے بتایا کہ مائسمہ حملے کے بعد دونوں پر نظر گزر رکھی جارہی تھی ۔انہوں نے کہاکہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں دو پولیس اہلکار اور ایک سی آر پی ایف جوان زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔آئی جی نے اس موقع پر کہاکہ جو کوئی بھی ملی ٹینٹ چاہئے وہ مقامی ہو یا غیر ملکی عام شہریوں ، پولیس اہلکاروں اور صحافیوں کے قتل میں ملوث ہوگا اُس کو ایسی ہی سزا ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ جس رہائشی مکان میں جنگجو چھپے بیٹھے تھے اُس کو بہت جلد سیز کیا جائے گا ۔آئی جی کشمیر نے مہلوک جنگجووں کی شناخت عادل بھائی اور مبشر بھائی ساکنان پاکستان کے بطور کی ہے۔انہوں نے کہاکہ عادل بھائی سینٹرل کشمیر میں لشکر طیبہ کا اعلیٰ کمانڈر تھا اور اُس کی ہلاکت سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے۔