شریئس ائیر کی کپتانی میں کولکاتہ کا مستقبل روشن: عرفان پٹھان

ممبئی، اپریل۔ہندوستان کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان کا خیال ہے کہ بطور کپتان شریئس ائیر کا سفر شاندار رہا ہے اور اس کرکٹر کی قیادت میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کا مستقبل روشن ہے۔ ائیر کو ٹاٹا آئی پی ایل 2022 سے پہلے کے کے آر کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے اب تک جس طرح سے ٹیم کی قیادت کی ہے اس نے سب کو متاثر کیا ہے۔ کولکاتہ نے کل پنجاب کنگز کو شکست دی تھی اور تین میچوں میں دوسری جیت کے بعد ٹیبل میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ٹاٹا آئی پی ایل کے آفیشل براڈکاسٹر، اسٹار اسپورٹس پر کرکٹ لائیو شو کے ایک ایپی سوڈ کے دوران، عرفان پٹھان نے کہا، شریئس ائیر ایک شاندار کپتان ہیں۔ یاد رکھیں، انہوں نے روہت شرما کی طرح سیزن کے وسط میں کپتانی شروع کی تھی۔ روہت کو آئی پی ایل 2013 میں آدھے راستے میں ممبئی انڈینس کا کپتان بنایا گیاتھا۔ دہلی کیپٹلز کے لیے، شریئس نے کوچ رکی پونٹنگ کی قیادت میں اچھی شروعات کی اور وہ بطور کپتان اپنے پہلے دور میں فیصلہ سازی کی اپنی صلاحیتوں کو بہتر بناتے رہے۔ لیکن ان کی کپتانی کی چالیں اب خاص طورسے سامنے آرہی ہیں۔ اس سیزن اوراس کے بارے میں ہم مزید بات کریں گے کیونکہ ٹورنامنٹ میں ابھی بہت سے میچ کھیلے جانے ہیں۔ ائیر کھلاڑیوں کے کپتان ہیں وہ ہر موڑ پر کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے ہیں اور جو ایک اچھا لیڈر ہونے کا اشارہ ہے۔ ان کی نگرانی میں کولکاتہ کا مستقبل روشن ہے۔ ہم نے یہ دیکھا بھی ہے اورپہلے تین میچوں میں اس کی جھلک بھی ملی ہے۔

 

Related Articles