آسٹریلیا نویں بار آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں
ویلنگٹن، مارچ ۔الیسا ہیلی (129) کی شاندار سنچری اور پھر گیند بازوں کی شاندارگیند بازی کی بدولت آسٹریلیا نے یہاں بدھ کے روز ویسٹ انڈیزکو سیمی فائنل میں 157 رن سے شکست دے کر 2022 کے آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔ آسٹریلیا نے نویں مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔آسٹریلیا نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بارش کی وجہ سے 45 اوور میں تین وکٹوں پر 305 رن کا بڑا اسکور بنایا جس میں سلامی بلے باز ہیلی اور ریچل ہینس کے اہم تعاون رہا ۔ جواب میں ویسٹ انڈیز آسٹریلیا کی بہترین گیند بازی کے سامنے 37 اوور میں صرف 148 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ہیلی اور ہینس نے آسٹریلیا کو شاندار شروعات دلائی ، جس کے سبب ٹیم کو ناک آؤٹ مقابلے میں 305 کا بڑا اسکور بنانے میں مدد ملی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 216 رن کی بڑی شراکتداری ہوئی ۔ جہاں ہیلی نے 107 گیندوں پر 17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 129 رن بنائے، وہیں ہینس نے 100 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 85 رن بنائے ۔ آخر میں بیتھ مونی نے 31 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 43 رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی ۔ ہیلی کو ان کی میچ وننگ سنچری کے لیے ’پلیئر آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ گیندبازی میں جیس جوناسن نے دو جبکہ میگن شٹ، ایلانا کنگ، ایشلے گارڈنر، اینابیل سدرلینڈ اور تہلیا میک گرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان سٹیفنی ٹیلر نے 75 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 48 رن بنائے ۔ وہیں گیند بازی میں چنلے ہنری نے دو اور شمیلیا کونیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔