بی جے پی کیجریوال کے خوف سے ایم سی ڈی انتخابات نہیں کر رہی:سنجے سنگھ
نئی دہلی، مارچ۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رکن سنجے سنگھ نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال خوف کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) کے انتخابات نہیں کروا رہی ہے۔ایوان میں وزارت ریلوے کے کام پر بحث کے دوران مسٹر سنگھ نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت مسٹر کیجریوال کے ساتھ وزیر اعلیٰ جیسا سلوک نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسٹر کیجریوال نے دہلی کے بزرگوں کے لیے اجودھیا میں رام للا کے درشن کا انتظام کیا تھا، لیکن جب وزیر اعلیٰ ریلوے اسٹیشن گئے تو اہلکاروں کا رویہ ٹھیک نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے نام پر بزرگوں کو دی جانے والی رعایتی ٹکٹیں ختم کر دی ہیں جنہیں فوری طور پر بحال کرنے کی ضرورت ہے۔مرکزی حکومت پر دہلی کے بزرگوں کو رام للا کے درشن میں بھی رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی مسٹر کیجریوال سے خوفزدہ ہے اس لئے ایم سی ڈی انتخابات کو ملتوی کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن پر بی جے پی کے کہنے پر کام کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کی تمام خدمات جیسے بجلی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، کیٹرنگ وغیرہ کو ٹھیکے پر نجی ہاتھوں میں دیا گیا ہے اور وزیر ریلوے کہتے ہیں کہ ریلوے کی نجکاری نہیں کی جائے گی لیکن وزارت خزانہ ریلوے کی اربوں روپے کی جائیدادیں فروخت کرکے رقم اکٹھی کرنے کا اعلان کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی امتحان، مین امتحان اور میڈیکل امتحان پاس کرنے کے بعد بہار کے طلباء تین سال سے ریلوے میں نوکری کے لیے بیٹھے ہیں اور انہیں نوکری نہیں دی جا رہی ہے۔ ان طلباء کو بہار کی راجدھانی پٹنہ اور اتر پردیش کے پریاگ راج میں نوکریوں کا مطالبہ کرنے پر ان کے گھروں میں گھس کر مارا پیٹا گیا۔