سوریہ کمار یادو چوٹ کی وجہ سے آئئ پی ایل کے شروعاتی میچوں سے باہر ہو سکتے ہیں

ممبئی ۔ مارچ ۔سوریہ کمار یادیو 27 مارچ کو ممبئی انڈینز کے دہلی کیپٹلز کے خلاف ہونے والے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ 31 سالہ سوریہ کمار ابھی تک اپنے انگوٹھے کی چوٹ (ہیئر لائن فریکچر) سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ وہ اس وقت بنگلور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ہیں اور انہیں وہاں سے چھٹی نہیں ملی ہے۔ وہ گزشتہ چند ہفتوں سے وہاں انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ سوریہ کمار یادو کو یہ چوٹ 22 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری T20 میچ میں لگی تھی۔سوریہ کمار کی یہ چوٹ ممبئی انڈینز کے لیے مسئلہ بن سکتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ روہت شرما اور ایشان کشن کے علاوہ ممبئی انڈینز کی ٹیم میں کوئی دوسرا ایسا ہندستانی بلے باز نہیں ہے جو بین الاقوامی سطح کا تجربہ رکھتا ہو۔سوریہ کمار کو ممبئی انڈینز کی ٹیم نے 2019 میں خریدا تھا۔ اس کے بعد سے، سوریہ کمار نے ممبئی کے لیے ٹاپ آرڈر بلے باز کے طور پر کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اگرچہ ممبئی کی ٹیم، جس نے پانچ بار آئی پی ایل جیتا، پچھلے سیزن میں ناک آؤٹ مرحلے تک نہیں پہنچ سکی، سوریہ کمار کی شاندار کارکردگی جاری رہی تھی۔انہوں نے گزشتہ سال 143.43 کے اسٹرائیک ریٹ اور 22 کی اوسط سے 317 رن بنائے۔ سوریہ کمار کے لیے سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ کسی بھی پوزیشن میں آسکتے ہیں اور وہ کھیل کے آغاز سے ہی گیند بازوں کو نشانہ بنانے میں زیادہ وقت نہیں لگاتے۔ اسی لیے وہ ممبئی کے اہم بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔اس بات کا بھی امکان ہے کہ ممبئی سوریہ کمار کی جگہ رمندیپ سنگھ اور انمول پریت سنگھ میں سے کسی ایک پر غور کرنے پر مجبور ہو جائے۔ خیال رہے کہ یہ دونوں کھلاڑی کزن بھی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی حیدرآباد کے ان کیپڈ بلے باز تلک ورما بھی تیسرے نمبر پر کھیلنے کے مضبوط دعویدار ہیں۔

Related Articles