حسنین مسعودی کی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات

سری نگر، مارچ۔جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان برائے جنوبی کشمیر جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے بدھ کے روز مرکزی وزیر دفاع شری راج ناتھ سنگھ کیساتھ ملاقات کی اور اس دوران کئی عوامی مفاد کے حامل معاملات اُن کی نوٹس میں لائے۔ممبر پارلیمنٹ مسعودی نے وزیر موصوف پر زور دیا کہ وہ اننت ناگ میں قائم کشمیر یونیورسٹی ساؤتھ کیمپس کیلئے 45ایکڑ اراضی کی منتقلی کیلئے فوری اقدامات کریں تاکہ کیمپس میں تعلیمی سرگرمیاں احسن طریقے سے جاری رہیں اور دیگر شعبے بھی شروع کئے جاسکیں۔انہوں نے وزیرِ موصوف سے یہ بھی کی اونتی پور ہوائی پٹی کو سول انتظامیہ کے حوالے کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں تاکہ جنوبی کشمیر سے جموں، دہلی اور اس کے بعد دیگر شہروں کے درمیان ابتدائی طور پر فضائی رابطہ قائم ہو سکے۔انہوں نے وزیر موصوف کو اس بات کی جانکاری دی کہ سری نگر ہوائی اڈے کیلئے روزانہ تقریباً 82 پروازوں کو سنبھالنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اونتی پور اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان ہوائی رابطہ سری نگر ہوائی اڈے پر دباو کم ہوجائے گا اور پہلگام و دیگر سیاحتی مقامات پر سیاح آسانی سے پہنچ پائیں گے اور جنوبی کشمیرکے عام لوگوں کوبھی اس ائرپورٹ کے شروع ہونے سے کافی راحت فراہم ہوگی۔

Related Articles