عالمی نمبر دو ہالیپ بھی یو ایس اوپن سے دستبردار
واشنگٹن ، عالمی نمبر دو رومانیہ کی سمونا ہالیپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کوویڈ 19 کی وجہ سے 2020 کے یو ایس اوپن سے دستبردار ہوگئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عالمی نمبر دو ٹینس کھلاڑی سیمونا ہالیپ کورونا وائرس کی وجہ سے یو ایس اوپن میں حصہ نہیں لیں گی۔ اس کے ساتھ ہی رومانیہ کی نمبر ایک کھلاڑی نمبر ون ایشلے بارٹی ، دفاعی چمپئن بیانکا اینڈریسکو ، ایلینا سویتلانا ، کیکی برٹینز ، بیلنڈا بینک جیسی خاتون کھلاڑیوں کے اس کلب میں شامل ہوگئی ہیں جو 31 اگست سے شروع ہونے والے اس گرینڈ سلیم میں نہیں کھیلیں گی۔ گذشتہ ہفتے پراگ اوپن جیتنے والی سیمونا ہالیپ کے علاوہ رافیل نڈال بھی کورونا وبا کی وجہ سے بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جانے والے اس بڑے ایونٹ میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ جبکہ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر اس سال انجری کے سبب کوئی ٹورنامنٹ نہیں کھیلیں گے۔
سمونا نے ٹویٹ کیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی صورتحال کے پیش نظر میں نے یو ایس اوپن کے لئے نیو یارک نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میری صحت میرے لئے سب سے اہم ہے۔ میں صرف یورپ میں تربیت کروں گی۔ میں جانتی ہوں کہ ٹورنامنٹ کو محفوظ بنانے کے لئے یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن اور ڈبلیو ٹی اے خاتون ٹینس ایسوسی ایشن نے بہت اچھا کام کیا ہے۔