نڈا نے کالج کے ہونہار طلباء کو مفت موپیڈ دینے کا وعدہ کیا

امپھال، فروری۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا نے جمعرات کو کہا کہ پارٹی کے ریاست میں اقتدار میں آنے پر کالج کے ہونہار طلباء کو مفت اسکوٹی/موپیڈ دی جائے گی۔مسٹرنڈا نے آج یہاں بی جے پی کے انتخابی منشورکو جاری کرتے ہوئے یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی منی پور کی علاقائی سالمیت کی حفاظت کرے گی اور مقامی لوگوں کے حقوق کی حفاظت کرے گی۔منشور میں انہوں نے کہا کہ اجولا اسکیم کے تحت دو مفت ایل پی جی سلنڈر فراہم کیے جائیں گے اور حادثات کو کورکرنے والی ایک نئی ہیلتھ اسکیم شروع کی جائے گی ۔بی جے پی صدر نے کہا کہ منی پور شمال مشرق کی ترقی کا مرکزی دروازہ ہے اوروزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ کی قیادت میں ریاست میں بہت ساری ترقیاتی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے اور یہاں اسکل یونیورسٹی کھولی جائے گی ۔ بے زمین کسانوں کے بچوں کو اسکالرشپ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی منی پور میں ایمس بھی قائم کرے گی تاکہ لوگوں کو علاج کے لیے دوسری ریاستوں میں نہ جانا پڑے۔ ریاستی حکومت نے ان لوگوں کو کور کرنے کے لئے سی ایم ایچ ٹی ہیلتھ اسکیم شروع کی ہے، جو آیوشمان اسکیم سے باہر رہ گئے ہیں اوراس امداد کو بڑھا کر پانچ لاکھ روپےکردیا جائے گا ۔ بی جے پی معیشت کو بہتر بنانے، خواتین، نوجوانوں، کسانوں کو بااختیار بنانے اور پسماندہ افراد کی امداد کے لیے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرے گی۔منشور میں انہوں نے کہا کہ منی پور کے قریب ایک ریلوے پروجیکٹ شروع کیا جائے گا تاکہ معیشت، سیاحت اور کنیکٹوٹی کو بہتر بنایا جا سکے ۔ تقریباً ایک لاکھ روزگار پیدا کرنے کے لیے ہوم اسٹے شروع کرنے کے لیے قرض دیا جائے گا ۔ لوکتک جھیل کے تحفظ لوکتک ایکو میگا پروجیکٹ شروع کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا’’ منی پور میں پہلے منشیات کا خطرہ تھا ، فرضی جھڑپیں ، بدعنوانی تھی، اب ہم اچھی حکمرانی، ناکہ بندی اور بند سے مبرا زندگی دیکھتے ہیں ۔ ریاستی حکومت نے ایک رپورٹ کارڈ جاری کیا تھا، جو کسی اور حکومت نے کرنے کی ہمت نہیں کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ انتخابی منشور اگلے پانچ برسوں کے لئے بی جے پی کا عہد ہے اور یہ کوئی عام کاغذ نہیں ہے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ نے کہا کہ انتخابی منشور میں کی گئی یقین دہانیوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ مسٹر نڈا عوامی جلسوں سے خطاب کرنے کے لیے چند حلقوں کا بھی دورہ کریں گے۔

 

Related Articles