یوکرین پر حملہ: فیفا نے روسی پرچم اور ترانے کے استعمال پر پابندی عائد کر دی
زیورخ،فروری۔فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے بین الاقوامی میچز میں روسی پرچم اور ترانے کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔خبروںکے مطابق اتوار کے روز فیفا کی گورننگ باڈی نے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد متعدد پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئیکہا ہے کہ روس میں کوئی بھی بین الاقوامی فٹ بال میچ نہیں کھیلا جائے گا۔خبروں کے مطابق فیفا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ روس کی قومی فٹبال ٹیم روس کے بجائیفٹبال یونین آف روس(Football Union of Russia)کے طور پر میچز کھیلے گی جبکہ یہ میچز شائقین کے بغیر نیوٹرل مقام پر کھیلیں جائیں گے۔اس کے علاوہ ان میچز میں روسی پرچم اور ترانے کے استعمال پر پابندی عائد ہوگی۔دوسری جانب جمہوریہ چیک، پولینڈ اور سوئیڈن پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ ان کی قومی فٹبال ٹیمیں اگلے ماہ روس کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میچز نہیں کھیلیں گی۔تاہم اب انگلینڈ کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے بھی اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مستقبل میں روس کے خلاف کوئی میچ نہیں کھیلیں گے۔اس کے علاوہ فیفا نے روس کی طرف سے یوکرین پر حملے میں طاقت کے استعمال کی مذمت بھی کی۔