بی جے پی حکومت نے ہوائی جہاز اور ائیر پورٹ تک فروخت کر دئیے:اکھلیش
پریاگ راج:فروری۔ سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) پر حملہ بولتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ بی جے پی حکومت ہوائی چپل پہننے والوں کو ہوائی سیر کرانے کی بات کررہی تھی لیکن انہوں نے ہوائی جہاز سے لے کر ائیر پورٹ اور بند رگاہ تک فروخت کردئیے۔شہر سے 30کلومیٹر دور ہنڈیا اسمبلی حلقے میں ایک عوامی ریلی سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت ملک کی منافع والے اثاثے بھی فروخت کررہی ہے تاکہ اسے لوگوں کو نا ریزرویشن دینا پڑے اور نہ نوکری دینی پڑے نہ رہے گا نہ بجے گی بانسری۔روزگار کے مسئلے پر بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ تین سال سے نہ تو فوج میں اور نہ ہی پولیس میں تقرریاں نکالی ہیں۔ نوجوانوں کے پانچ سال انتظار میں کٹ گئے اب وہ مزید انتظار نہیں کرنا چاہتے۔ ضلع کا نام الہ آباد سے پریاگ راج کئے جانے پر طنز کستے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ نام بدلنے کے بعد یہ ضلع بدنام ہوا ہے۔ چاہئے وہ کمبھ کا گھپلہ ہو چاہئے نوجوانوں پر لاٹھی چارج، چاہئے یہاں کے لوگوں نے گنگا میں بہتی ہوئی لاشوں کو دیکھا ہو ۔نام ضرور بدل دیا لیکن حکومت نے بدنامی بھی اتنی ہی کرائی ہے۔ہنڈیا اسمبلی سیٹ پر ایس پی امیدوار حاکم چندر بند کی حمایت میں انتخابی مہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے ووٹ پڑے ہیں بی جے پی کے لیڈر اور کارکن سرد پڑ گئے ہیں۔