5جی سے منسلک ایمبولینس مریض کے پہنچنے سے پہلے ہی ہسپتال کو اہم اطلاع دے گی
نئی دہلی، اکتوبر۔ ریلائنس جیو نے راجدھانی کے پرگتی میدان میں جاری چار روزہ انڈین موبائل کانگریس میں ایک 5جی منسلک ایمبولینس کی نقاب کشائی کی ہے جو ڈیجیٹل طور پر تمام اہم مریضوں کی اطلاعات مریض کے پہنچنے سے پہلے اسپتال پہنچائے گی۔میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں ہسپتال میں موجود ڈاکٹر مریض کے آنے سے پہلے ہی تمام ضروری طبی انتظامات کر سکتے ہیں۔ اس ایمبولینس کو دیکھ کر آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ مستقبل میں میڈیکل انڈسٹری کا چہرہ کتنا بدلے گا۔جیو پویلین میں ایک روبوٹک بازو بھی نظر آئے گا، جو ایکس رے اور الٹراساؤنڈ کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ دراصل جیو ٹرو فائیوجی کے ذریعے سینکڑوں میل دور بیٹھے ریڈیولوجسٹ یا سونوگرافر اسے آسانی سے چلا سکتے ہیں۔ یہ روبوٹک بازو شہر میں بیٹھے ریڈیولوجسٹ کو دیہی مریضوں سے براہ راست جوڑ دے گا۔ اب گاؤں والوں کو ایکسرے اور الٹراساؤنڈ جیسی بنیادی طبی ضروریات کے لیے شہر کا چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور رپورٹ بھی گھر بیٹھے دستیاب ہوگی۔ریلائنس دیوالی پر 5جی سروس شروع کر رہی ہے۔ اپنے جیو ٹرو فائیو جی نیٹ ورک کی تیز رفتار اور کم تاخیر پر انحصار کرتے ہوئے ریلائنس جیو روزمرہ کی زندگی کے لیے کئی تکنیکی حلوں پر بھی کام کر رہا ہے۔ ان میں سے ایک جیو فائیو جی ہیلتھ کیئر آٹومیشن ہے۔ متعدد فرنٹ لائن ورکرز کووڈ وبائی امراض کے دوران اسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ریلائنس جیو ایسے 5جی کنٹرولڈ روبوٹس کی ٹیکنالوجی پر کام کر رہا ہے جو آئسولیشن وارڈز کے ساتھ ساتھ دیگر مریضوں کو دوائیں اور کھانا پہنچانے کے قابل ہو جائے گا۔کلاؤڈ بیسڈ 5جی کنٹرولڈ روبوٹس کے استعمال کی وجہ سے غلطی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوگا۔ روبوٹک فلیٹ مینجمنٹ سسٹم سے ان کی دیکھ بھال اور صفائی بھی انسانوں کے مقابلے میں آسان ہو جائے گی اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ فرنٹ لائن ورکرز اور مریضوں کی زندگیاں بچ جائیں گی۔