بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے قبل افغانستان کے 8 کرکٹرز کورونا کا شکار ہو گئے
ڈھاکہ، فروری۔بنگلہ دیش کے خلاف 23 فروری سے شروع ہونے والے تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی سے قبل افغانستان کی ٹیم کے آٹھ کرکٹرز میں مبینہ طور پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ڈیلی سٹار کی ایک رپورٹ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ افغانستان کے معاون عملے کے تین ارکان بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "افغانستان کی باقی ٹیم نے آج (منگل) سلہٹ میں اپنے ایک ہفتہ طویل کیمپ کے پہلے دن ایک پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، جب کہ متاثرہ پائے جانے والے اراکین کو تنہائی میں رہنے کا مشورہ دیا گیا۔” سلہٹ میں اپنے تربیتی کیمپ کے اختتام کے بعد ٹیم کو چٹاگانگ منتقل کردیا جائے گا جہاں ظہور احمد کرکٹ اسٹیڈیم میں تین ون ڈے کھیلے جائیں گے۔ دوسرا اور تیسرا ون ڈے بالترتیب 25 اور 28 فروری کو کھیلا جانا ہے۔ اس کے بعد ٹیمیں میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والی دو میچوں کی ٹی20 سیریز کے لیے ڈھاکہ جائیں گی۔ پہلا میچ 3 مارچ کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹی 20 میچ 5 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی کو آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں شمار کیا جائے گا جبکہ ون ڈے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔ بنگلہ دیش نے منگل کو فاسٹ باؤلرز عبادت حسین، نسیم احمد، یاسر علی اور محمود الحسن جوئے کو پہلی بار 15 رکنی ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔