ڈومیسٹک کرکٹ میں غیرملکی پاور ہٹر، بیٹنگ اور بولنگ کوچ لانے کا اعلان
میتھیو ہیڈن سے ورلڈ کپ کیلئے معاہدہ
کراچی ،جون۔ پاکستان کر کٹ بورڈ کے چیئر مین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ ستمبر 2021سے اب تک پاکستانی ٹیم کی کامیابی کا تناسب 75 فیصد رہا ہے، نیوزی لینڈ ٹیم واپس آرہی ہے، پاکستانی ٹیم کی مارکیٹنگ کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، تین غیر ملکی پاور ہٹر، بیٹنگ اور بولنگ کوچ لانے ہیں، میتھیو ہیڈن کے ساتھ ورلڈ کپ کے دوران پھرمعاہدہ کریں گے ، لاہور، کراچی اور ملتان میں کھلاڑیوں کی رہائش کے لئے اضافی کمرے بنائے جائیں گے۔۔ سینٹرل کنٹریکٹ میں معاوضوں میں اضافہ کرنے پر خوشی ہے۔ جمعے کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے آئندہ 16ماہ میں 2ورلڈکپ سمیت 4انٹرنیشنل ایونٹس کھیلنے ہیں۔ دو علیحدہ کنٹریکٹس کے ذریعے دو مختلف طرز کے مقابلوں کیلیے بیک وقت دو مختلف اسکواڈز کی تیاری میں معاونت ملے گی۔ ایلیٹ کھلاڑیوں کو آف سیزن ایونٹس میں شرکت سے روکنے کیلیے خصوصی رقم مختص کردی گئی ہے۔ یہ رقم ان کے ریونیو کو پہنچنے والے ممکنہ نقصانات کی تلافی، ان کے ورک لوڈ کا خیال رکھنے اور انہیں مکمل فٹ رکھنے پر خرچ کی جائے گی۔ ٹرسٹ کی حیثیت سے پاکستان کرکٹ فائونڈیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ریٹائرڈ کرکٹرز، میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈ اسٹاف کی دیکھ بھال میں مدد ملے گی۔ ابتدائی طور پر بی او جی نے اسے آئندہ مالی سال کیلیے دس کروڑ روپے عطیہ کرنے کی منظوری دی ہے۔ بی او جی نے سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی حد بندیوں اور ضوابط میں ترامیم کی منظوری دی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے بورڈ آف گورنرز کو پاکستان جونیئر لیگ پر اپ ڈیٹ فراہم کی۔