جسٹن لینگر اور کرکٹ آسٹریلیا میں سرد جنگ ٹھنڈی نہیں ہوسکی

سڈنی ،فروری۔ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل ٹیم اندرونی مسائل کا شکار نظر آرہی ہے۔ ہیڈکوچ جسٹن لینگر اور بورڈ آفیشلز کے درمیان سرد جنگ ٹھنڈی نہیں ہوسکی۔ آسٹریلین میڈیا سے متعلق متضاد خبریں دے رہا ہے۔ جمعہ کو بورڈ کی اہم میٹنگ ہونی ہے جس میں لینگر کے بارے میں اہم فیصلہ ہوسکتا ہے۔ اس سے قبل میڈیا کے مطابق لینگر اور سی اے آفیشلز میں گرما گرم ملاقات ہوئی ہے جس میں مبینہ طور پر لینگر نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ دورہ پاکستان سے قبل ان کے کنٹریکٹ کی صورتحال کو واضح کیا جائے۔ بصورت دیگر وہ دورہ کا بائیکاٹ کردیں گے۔ ان کا کوچنگ معاہدہ رواں برس جون میں ختم ہونے والاہے۔ کوچنگ معاہدے کے حوالے سے صورتحال واضح نہ ہونے کے باعث وہ ناراض ہیں۔ ٹیم کی حالیہ کارکردگی نے ان کا کیس مضبوط کردیا ہے۔ آسٹریلوی بورڈ ان کے کوچنگ معاہدے میں توسیع سے ہچکچارہا ہے۔بورڈ نے ان کے سامنے 12 سے 14 ماہ مزید کام جاری رکھنے کا کہا۔دلچسپ بات ہے کہ ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز اور وائٹ بال ایرون فنچ دونوں ہی لینگر کے ساتھ بہتر تعلقات کے دعوے دار ہیں تاہم انہوں نے کھل کران کے ساتھ مزید کام کرنے کی خواہش ظاہر نہیں کی ہے۔ دریں اثنا کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ فریقین میں ایسی کوئی میٹنگ نہیں ہوئی ہے۔

 

Related Articles