تمیم سے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے بریک پر نظر ثانی کرنے کو کہے گا بی سی بی

ڈھاکہ، فروری ۔بنگلہ دیش کے چیف سلیکٹر منہاج العابدین نے کہا ہے کہ وہ تجربہ کار اور سینئر بلے باز تمیم اقبال کو اگلے چھ ماہ تک ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنے کے ان کے فیصلے پر نظر ثانی کرنےکے لئے رضا مند کرنے کی کوشش کریں گے ۔ منہاج نے منگل کو ظہور احمد چودھری سٹیڈیم میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا ’’ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کا ہونا ہمیشہ ایک مثبت بات ہے، کیونکہ نوجوان کھلاڑی ان سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، یہ تمیم کا ذاتی فیصلہ ہے اور انہوں نے کافی سوچنے کے یہ فیصلہ کیا ہے اور ان کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے لیکن ساتھ ہی ہم اس فیصلے پر ان سے درخواست کر رہے ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں جلد از جلد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس لایا جائے۔ ان کی موجودہ فارم سے ظاہرہوتا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے‘‘۔ چیف سلیکٹر نے کہا ’’ بے شک میں تمیم کو ٹیم میں چاہتا تھا ۔ آپ ہمیشہ ٹیم میں بہترین کار کردگی کرنے والےکو چاہتے ہیں ۔ بائیو ببل تھکاوٹ یہاں ایک مسئلہ ہے۔ 2022 میں زیادہ بریک نہیں ہے کیونکہ اس سال بہت زیادہ کرکٹ ہوگا اور اگر میں غلط نہیں ہوں تو قومی کرکٹرز کے پاس اس دوران صرف سات دن کا بریک ہوگا‘‘۔ قابل ذکر ہے کہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنے کے اپنے فیصلے کا اعلان کرنے کے ایک دن بعد 28 جنوری کو تمیم نے موجودہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں ٹیم کی امیدوں کو زندہ رکھنے کے لئے سلہٹ سن رائزرز کے خلاف ڈھاکہ کے لیے ٹاٹ آؤٹ سنچری بنا کر میچ جیتا تھا ۔

Related Articles